11 جون ، 2019
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم نواز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی گرفتاری کے بعد وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے ایک اور اہم اپوزیشن رہنما کی گرفتاری کا انکشاف کیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا اب اگلا نمبر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا ہے اور وہ جلد گرفتار ہو جائیں گے۔
فیصل واوڈا نے مزید بتایا کہ ایل این جی کیس میں ہمارے پاس شاہد خاقان عباسی کے خلاف بہت سے اہم ثبوت موجود ہیں جسے بہت جلد میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ نیب نے گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری کو گرفتار کیا تھا جب کہ آج لاہور ہائی کورٹ سے ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد ہونے کے بعد حمزہ شہباز کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف پہلے ہی نیب کی تحویل میں ہیں۔
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری پر حکومت اور نیب کو شدید تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہے اور دونوں جماعتیں نیب قوانین میں ترمیم کا مطالبہ بھی کر چکی ہیں۔