پاکستان

عمران خان میرا مشورہ مانیں، استعفیٰ دے کر گھر چلے جائیں: زرداری

فائل فوٹو: آصف زرداری

اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو استعفیٰ دے کر گھر جانے کا مشورہ دے دیا۔

احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری نے کہا کہ کل نیب نے میرا روٹین کا چیک اپ کرایا، جب ہم اپنی دنیا میں ہوتے ہیں تواپنا خیال نہیں رکھتے۔

کمیشن سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر 1947 سے کمیشن نہیں بنانا چاہتے تو پچھلے 20 سال کا تو بنائیں، وہ اگر بہت پرانوں کی پگڑیاں نہیں اچھالنا چاہتے تو مشرف کے دور سے تو کریں۔

ایک سوال کے جواب میں آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بجٹ کی منظوری کا انحصار اختر مینگل پرہے کہ وہ کدھر بیٹھتے ہیں۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کیسے کہا ملک مستحکم ہوگیا؟ کیا لوگوں کی تنخواہیں بڑھ گئی ہیں؟ میرے دور میں تو سب کی تنخواہیں بڑھتی تھیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کچھ بھی کہتے رہتے ہیں، انہوں نے تو پہلے کہا تھا کہ خود کو گولی مارلوں گا لیکن سیاست میں نہیں جاؤں گا، پھر کہا خودکشی کرلوں گا مگر آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا۔

آصف زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو مستعفی ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اگر میرا مشورہ مانیں تو استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔

مزید خبریں :