Time 15 جون ، 2019
پاکستان

مریم نواز کی بلاول بھٹو زرداری کو ایک اور ملاقات کی دعوت


لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ملاقات کی دعوت دے دی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے نائب صدر مسلم لیگ ن کی دعوت قبول کرلی ہے، ملاقات کل دوپہر ڈھائی بجے جاتی امراء میں ہوگی۔بلاول نے کہا ہے کہ وہ مریم نواز سے ضرور ملیں گے کیونکہ کوئی جماعت تنہا پاکستان کے مسائل حل نہیں کر سکتی۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز نے بلاول بھٹو کو اپنی رہائش گاہ جاتی امرا میں ملاقات کی دعوت دی ہے اور اس موقع پر دونوں جانب سے چند قریبی رفقاء بھی شرکت کریں گے۔

ذرائع کا کہناہےکہ بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز کی دعوت پر ان سے ملاقات کی رضامندی ظاہر کی ہے اور وہ کل دوپہر جاتی امرا جائیں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں آصف زرداری، فریال تالپور اور حمزہ شہباز کی گرفتاری سمیت دیگر سیاسی امور اور اپوزیشن کی حکمت عملی پر بات چیت کی جائے گی جب کہ اس دوران بجٹ کے حوالے سے بھی معاملات زیر غور آئیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور ،حسن مرتضیٰ، مصطفیٰ کھوکھر بھی ہوں گے۔

واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی گرفتاری کے بعد نیب نے گزشتہ روز فریال تالپور کو گرفتار کیا۔

فریال تالپور کی گرفتاری پر مریم نواز نے شدید مذمت کی اور وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کو معصوم قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل رمضان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو افطار ڈنر پر مدعو کیا تھا۔

زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے اس افطار ڈںر میں مسلم لیگ ن کے وفد نے شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں شرکت کی، وفد کے دیگر ارکان میں مریم نواز، حمزہ شہباز، مریم اورنگزیب اور ایاز صادق شامل تھے۔

جماعت اسلامی کا وفد لیاقت بلوچ کی سربراہی میں افطار ڈنر میں شامل ہوا جب کہ اے این پی کے ایمل ولی خان، زاہد خان اور میاں افتخار حسین، اس کے علاوہ آفتاب احمد خان شیر پاؤ، حاصل بزنجو، جہانزیب جمالدینی، محسن داوڈ اور علی وزیر بھی افطار ڈنر میں شریک تھے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے افطار کے بعد ہونے والے اجلاس میں شرکت کی۔ 

ملک کی اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنانے کے لیے عید کے بعد آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اب تک اے پی سی نہیں بلائی گئی۔


مزید خبریں :