15 جون ، 2019
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 3 ارب 40 کروڑ ڈالرز قرض دے گا۔
عبدالحفیظ شیخ سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر جنرل ورنر لیپاچ نے ملاقات کی جس میں ملکی معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو 3 ارب 40 کروڑ ڈالرز قرض دے گا اور یہ رقم بجٹ سپورٹ کی مد میں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ مشکل فیصلے کیے ہیں جو وقت کا تقاضا ہے، اگر ترقی کرنی ہے تو اپنی مصنوعات دوسرے ممالک کو بیچنا ہوگی۔
ان کا کہنا ہے کہ جمہوریت ہو یا آمریت برآمدات میں اضافہ نہیں ہوا، کچھ لوگ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں کہ بجٹ آئی ایم ایف کے اشارے پر بنایا گیا، ایسے لوگوں پر یقین نہ کریں۔
مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ این ایف سی کے بعد وفاق کے پاس کل 2400 ارب روپے آئیں گے، ٹیکس اور نان ٹیکس آمدن سے 3600 ارب ملیں تو 2900 ارب کا قرضہ اتاریں گے، قرض اتارنے کے بعد 700 ارب روپے بچتے ہیں اس سے کیسے وفاق چلے گا؟
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے مالی سال 20-2019 کے لیے 70 کھرب 22 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا تھا جس کا خسارہ کُل بجٹ کا تقریباً 50 فیصد ہے۔
نئے بجٹ میں 11 کھرب روپے سے زائد کے نئے ٹیکس لگائے گئے ہیں جن سے چینی، کوکنگ آئل، سیگریٹ، گیس اور گاڑیوں سمیت متعدد اشیاء مہنگی ہو جائیں گی۔