کھیل

قومی کھلاڑیوں کا بھارت سے شکست کے بعد ایک ساتھ سفر کرنے سے گریز

پاکستانی ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فوٹو: فائل

لندن: انگلینڈ میں جاری کرکٹ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کے سینئر کھلاڑی شعیب ملک، محمدحفیظ اور حارث سہیل مسلسل شکستوں کے بعد ٹیم کے ساتھ سفر کرنے سےگریز کر رہے ہیں۔

سینئر بیٹسمین شعیب ملک کی کارکردگی اور مستقبل پر سوالات ضرور اُٹھ رہے ہیں لیکن پیر کی دوپہر جب پاکستانی ٹیم مانچسٹر سے لندن کے لئے روانہ ہوئی شعیب ملک ٹیم بس میں موجود نہیں تھے۔

شعیب ملک جو ممکنہ طور پر ٹورنامنٹ میں اپنا آخری میچ کھیل چکے ہیں، انہوں نے اپنی اہلیہ ثانیہ مرزا اور بیٹے اذہان کےساتھ پرائیویٹ گاڑی میں سفر کیا۔

ذرائع کے مطابق شعیب ملک کے علاوہ محمد حفیظ اور حارث سہیل بھی بس میں نہیں تھے، تینوں بیٹسمین اپنی فیملیز کے ساتھ الگ الگ سفر کر رہے تھے۔

 عینی شاہد کے مطابق پاکستانی بس کا ماحول افسردہ رہا اور کئی کھلاڑی آپس میں بات چیت سے گریز کر رہے تھے۔

ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کے زخموں سے چور پاکستانی کرکٹ ٹیم پیر کو خاموشی سے مانچسٹر سے لندن روانہ ہو گئی ہے جہاں اس کی اگلی منزل اتوار کو جنوبی افریقا کے خلاف اہم ترین میچ ہے، لارڈز میں ہونے والا میچ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مستقبل کا فیصلہ کرےگا۔

پیر کو سفر کے بعد منگل اور بدھ کو بھی کھلاڑیوں کی کوئی مصروفیت نہیں ہے۔پاکستانی کھلاڑیوں کو تین دن مکمل آرام کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں :