19 جون ، 2019
بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان گزشتہ برس اپنی صاحبزادی سہانا خان اور اس برس اپنے بیٹے آریان خان کی وجہ سے مداحوں کی تنقید کا شکار ہیں۔
ہالی وڈ ڈزنی فلم ’دی لائن کنگ‘ میں شاہ رخ خان نے فلم کے مرکزی کردار سمبا کے والد موفاسا کی ہندی ڈبنگ کی اور ان کے بیٹے آریان نے سمبا کی ہندی ڈبنگ کی ہے۔
اس حوالے سے شاہ رخ خان نے حال ہی میں ایک ٹوئٹ شیئر کی جس میں بتایا کہ وہ ہالی وڈ ڈزنی فلم ’دی لائن کنگ‘ کی ہندی میں ڈبنگ ہونے والی فلم کا حصہ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اس فلم میں وہ اپنے سمبا (بیٹے آریان) کے ساتھ وائس اوور کر رہے ہیں۔
کنگ خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے آخر مرتبہ اپنے بیٹے کے ساتھ فلم 15 برس پہلے کی تھی جوکہ زبردست تھی اور اس بار تو مزید مزہ آیا ہے۔
ایسے میں سوشل میڈیا پر صارفین نے آریان خان کی فلم ’دی لائن کنگ‘میں سمبا کی ہندی وائس اوور کرنے کو ’اقربا پروری‘ قرار دیا۔
کنال نامی صارف نے کنگ خان کے بیٹے اور بیٹی دونوں کی تصویر پوسٹ میں شیئر کی اور شاہ رخ کو ’اقرباپروری‘ کا کنگ قرار دیا۔
تھور کپور نامی صارف لکھتے ہیں کہ مسافا (شاہ رخ) سمبا کی مارکیٹنگ کر رہے ہیں۔
ایلون کھشک نامی صارف نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی اقرباپروری بہترین ہے۔
صارف آنند چوہدری نے لکھا کہ ہم اقرباپروری کا بائیکاٹ کرتے ہیں ہم ایک کوڑی بھی اس پر نہیں لگائیں گے جس نے باپ کے نام پر موقع حاصل کیا ہو حالانکہ کوئی ٹیلنٹ نہیں، شرم آنی چاہیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس ٹوئٹر پر متعدد صارفین نے جریدے کے سرورق پر سہانا خان کی تصویر کو ’اقربا پروری‘ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ کوئی اسٹار نہیں اور نہ ہی ان کے کریڈٹ پر کوئی فنی کامیابیاں ہیں لیکن شاہ رخ خان کی وجہ سے انہیں بھی اسٹار قرار دیا جارہا ہے۔