Time 20 جون ، 2019
کھیل

محسن خان پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی سے الگ ہوگئے

فائل فوٹو: محسن حسن خان

لاہور: سابق ٹیسٹ کرکٹر محسن خان پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ  کمیٹی سے الگ ہوگئے۔

احسان مانی نےگزشتہ برس چیئرمین پی سی بی کا عہدہ سنبھالنے کے بعد محسن خان کی سربراہی میں کرکٹ کمیٹی متعارف کرائی جس میں سابق کپتان وسیم اکرم، مصباح الحق اور عروج ممتاز اراکین تھے، کمیٹی کا کام تجاویز دینا تھا لیکن کمیٹی غیر فعال رہی۔

کمیٹی کے چیئرمین محسن حسن خان الگ ہوگئے ہیں اور اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ محسن خان نے چیئرمین احسان مانی سے ملاقات کی اور انہیں عہدے سے الگ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جسے پی سی بی نے قبول کیا اور اب چیئرمین کی ذمہ داری ایم ڈی پی سی بی وسیم خان کو سونپ دی گئی ہے جنہیں پہلے ہی بہت بااختیار کیا جا چکا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز ورلڈکپ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کی تینوں فارمیٹ میں گزشتہ تین برس کی کارکردگی کا جائزہ لینےکا فیصلہ کیاتھا۔

کارکردگی کا جائزہ ایم ڈی پی سی بی کی سربراہی میں کام کرنے والی کرکٹ کمیٹی لے گی جو سفارشات مرتب کرے گی اور چیئرمین پی سی بی اور گورننگ بورڈ کو پیش کی جائیں گی۔

مزید خبریں :