مولانا فضل الرحمان کا 26 جون کو اے پی سی بلانے کا اعلان


جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 26 جون کو اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا اعلان کر دیا۔

چند روز قبل قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی جس میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے اے پی سی بلانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

شہباز شریف اور بلاول بھٹو کی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملاقات میں رواں ماہ کے آخر میں اے پی سی بلانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

اب مولانا فضل الرحمان نے 26 جون کو اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی بلانے کا اعلان کر دیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے مشاورت کے بعد اے پی سی بلانے کا اعلان کیا۔

ترجمان جے یو آئی (ف) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس 26 جون کو صبح 11 بجے اسلام آباد میں منعقد ہو گی جس میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ سمیت اپوزیشن جماعتوں کے رہنما شرکت کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان اے پی سی کی سربراہی کریں گے جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بھی شریک ہوں گے۔

اے پی سی میں چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی، بجٹ منظوری روکنے سے متعلق معاملات پر مشاورت ہو گی۔ اس کے علاوہ اے پی سی میں حکومت مخالف تحریک اور لاک ڈاؤن کے فیصلے پر غور ہو گا۔

مزید خبریں :