26 جون ، 2019
اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے آج ہونے والی اپوزیشن کی کُل جماعتی کانفرنس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اسلام آباد میں ایجوکیشن ایکسپو کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے اپوزیشن پر تنقید کی کہ اپوزیشن کی تحریک ان کے سینے میں ہی دم توڑ جائےگی۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کُل جماعتی کانفرنس کی قیادت کرنے والے مولانا فضل الرحمان پہلی بار اقتدار سے باہر ہونے کا درد محسوس کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مفادات کی قیدی قیادت ہر مرتبہ مولانا کو بلا کر ان کی کرسی کھینچ لیتی ہے۔ مولانا صاحب سے دلی ہمدردی ہےکیونکہ اپوزیشن کے ناتواں کندھے ان کی سیاسی محرومی کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن کو اپوزیشن سے خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی کاٹھ کی ہنڈیا ہے، بیچ چوراہے پھوٹے گی تاہم مولانا فضل الرحمان کے اس منصوبے کا نتیجہ وہی نکلے گا جو ان کے الیکشن ایڈونچر کا نکلا تھا۔
واضح رہے کہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں اپوزیشن کی کُل جماعتی کانفرنس آج اسلام آباد میں ہوگی جس میں مسلم لیگ (ن) کا 10 رکنی وفد، پیپلز پارٹی کا 5 رکنی وفد اور دیگر جماعتوں کے رہنما بھی شرکت کریں گے۔