کھیل

پاکستان کے چانسز ہیں، افغانستان اور بنگلادیش کو آسان نہ سمجھیں: وسیم اکرم


لاہور: سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے قومی ٹیم کو مشورہ دیا ہے کہ سیمی فائنل کھیلے کے لیے افغانستان اور بنگلادیش کے خلاف میچز جیتنا ضروری ہیں اور دونوں ٹیموں کو آسان نہ لیا جائے۔

جیو نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے کے چانسز ہیں اس لیے آئندہ میچز میں جیت کے لیے میدان میں اتریں۔ 

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے پاس کھونے کو کچھ نہیں ہے جبکہ بنگلہ دیش بھی خطرناک ٹیم ہے، اس لیے دونوں ٹیموں کے خلاف جیت ضروری ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کرنا پڑے گی، ٹیم پہلی گیند سے ہی گیم پر کنٹرول رکھے ہوئے تھی اور کھلاڑی صبح سے ہی مطمئن، پُراعتماد اور خوش لگ رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جیت کا جشن دیکھ کر لگ رہا ہے کہ برمنگھم نہیں لاہور میں بیٹھے ہیں، شائقین کا جوش دیکھ کر رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں، آج عوام کی آنکھوں میں خوشی دیکھ کر بہت اچھا لگا، سارے پاکستانی باہر نکل کر جشن منارہے ہوں گے۔

سابق کرکٹر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان ٹیم ٹاس ہاری لیکن ہمت نہیں ہاری، عامر نے آتے ہی وکٹ لی، پھر شاہین نے زبردست اسپیل کیا، وہ بھرپور انداز میں واپس آچکا ہے جب کہ کپتان نے وکٹوں کے پیچھے شاندار کیچز لیے، محمد حفیظ تجربہ کار بیٹسمین ہیں، پارٹ ٹائم بولر کو آتے ہی چھکے چوکے نہیں مارنا چاہیں۔

شاہین شاہ آفریدی کی شاندار کاکردگی پر وسیم اکرم نے کہا کہ شاہین آفریدی نئے گیند سے وکٹ لینے والا بولر ہے، اسے تسلسل سے کھلائیں، یہ پاکستان کا مستقبل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب نیوزی لینڈ نے تو 137 رنز کیے تو میں تھوڑا سا گھبرا گیا تھا کیوں کہ ہمارا ہدف کے تعاقب کا ریکارڈ اچھا نہیں۔ 

وسیم اکرم نے فخر زمان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ فخر کو سیکھنا چاہیے کہ بولرز کو کس طرح ریڈ کریں، امید ہے وہ اپنی غلطیوں سے سیکھے گا۔

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے مین آف دی میچ بابر اعظم کی تعریف کی اور کہا کہ بابر اعظم نے کمال بیٹنگ کی اور دنیا کو بتادیا کہ وہ دنیا کے بہترین بیٹسمینوں میں سے ایک ہیں جبکہ حارث سہیل نے بھی بتادیا کہ وہ زبردست پلیئر ہیں، انہیں بس تھوڑا فزیکلی فٹ ہونا ضروری ہے۔

وسیم اکرم نے کہا کہ انگلینڈ کے میچ میں مزہ آئے گا کیونکہ وہ نیوزی لینڈ اور انڈیا سے ورلڈ کپ میں زیادہ نہیں جیتا ۔

مزید خبریں :