30 جون ، 2019
لاہور: وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے مسلم لیگ (ن) کے اراکین کے نام سامنے آگئے جب کہ سابق لیگی رکن اسمبلی یونس انصاری نے دعویٰ کیا ہے کہ اُن کی قیادت میں 15 ایم پی ایز اور 5 ایم این ایز نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والے 11 لیگی اراکین میں غیاث الدین، شعیب اویسی، چوہدری اشرف انصاری، فیصل خان نیازی، غلام قاسم ہنجرا، محمد ارشد، اظہر چانڈیہ، غضنفر لنگاہ، جلیل احمد شرقپور، نشاط احمد خان ڈاہا شامل تھے۔
سابق لیگی رہنما اور آزاد حیثیت سے انتخابات میں کامیاب ہونے والے رکن صوبائی اسمبلی یونس انصاری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے ممبران اسمبلی نے میری قیادت میں عمران خان سے ملاقات کی اور جلد ہی پارٹی کے سندھ کے بڑے گروپ کی وزیر اعظم سے ملاقات کرائی جائے گی۔
یونس انصاری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نااہل سیاستدان ہیں، جنھیں اپنے گھر کی خبر نہیں، اقبال گوجر نے انہیں مسلم لیگ (ن) میں واپسی کی دعوت دی جو ٹھکرا دی تھی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ملنے والوں میں سابق لیگی رکن اسمبلی یونس انصاری کے بھائی ایم پی اے اشرف انصاری بھی شامل تھے۔
دوسری جانب لیگی رکن صوبائی اسمبلی مولانا غیاث الدین کا کہنا ہے کہ عمران خان سے میں اور جلیل شرقپوری اپنے حلقے کے مسائل بارے ملے تھے تاہم میں مسلم لیگ (ن) میں ہی ہوں۔