Time 01 جولائی ، 2019
دنیا

آرٹیکل 370 عارضی ہے تو کشمیر کا بھارت سے الحاق بھی عارضی ہے: فاروق عبداللہ

 بھارت اگر آرٹیکل 370 کو عارضی کہتا ہے تو بھارت سے ہمارا الحاق بھی عارضی ہے: فاروق عبداللہ۔ فوٹو: فائل

مقبوضہ جموں کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ اگر آرٹیکل 370 عارضی ہے تو بھارت کے ساتھ ہمارا الحاق بھی عارضی ہے۔

بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کے تحت مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو خصوصی حیثیت حاصل ہے لیکن بھارت کی انتہا پسند جماعتوں کی جانب سے گزشتہ کئی عرصے سے مقبوضہ کشمیر میں نافذ آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں۔

بھارت کے انتہا پسند وزیر داخلہ امیت شاہ نے اپنے بیان میں آرٹیکل 370 کو عارضی قرار دیتے ہوئے اسے ختم کرنے کا واضح اشارہ دیا۔

امیت شاہ کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مقبوضہ وادی کے سابق وزیراعلیٰ فاروق عبداللہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ بھارت اگر آرٹیکل 370 کو عارضی کہتا ہے تو بھارت سے ہمارا الحاق بھی عارضی ہے۔

فاروق عبداللہ کا کہنا تھا کہ تقسیم ہند کے وقت کشمیر کا بھارت سے الحاق عارضی ہی تھا، تقسیم ہند کے بعد کشمیریوں کو فیصلہ کرنا تھا کہ پاکستان اور بھارت میں سے کس کے ساتھ رہنا ہے۔

سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ جب کشمیریوں سے اب تک رائے لی ہی نہیں گئی تو بھارت آرٹیکل 370 کیسے ختم کر سکتا ہے؟

مزید خبریں :