ٹک ٹاک کے ذریعے اسٹارز ناجائز طریقے سے پیسے کمانے لگے

ٹک ٹاک دنیا میں تیزی سے مقبول ہوتی ویڈیو ایپ ہے۔ فوٹو: فائل

چین کی جانب سے متعارف کرائی گئی سوشل میڈیا کی ویڈیو ایپلیکیشن ٹک ٹاک نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ بعض بچوں اور نوجوانوں پر ایپ کے ذریعے اپنے پسندیدہ انفلوئنسرز کو پیسے بھیجنے کا دباؤ تھا۔

ٹک ٹاک انفلائنسرز اپنے مداحوں سے تحائف طلب کرتے ہیں جس کے بدلے میں اپنا موبائل نمبر دینے کا وعدہ کیا جاتا ہے، ٹک ٹاک کے مطابق یہ عمل ایپ کی پالیسی کے خلاف ہے۔

ایک اسٹار نے تو اپنے فین سے ’ایک ہفتے تک‘ انسٹا گرام پر بات کرنے کا وعدہ کیا اور اسے مجموعی طور پر 147 پاؤنڈ کے تین تحفے ملے۔

بعض ویڈیو بنانے والے مستقل طور پر تحائف کے بدلے میں اپنا فون نمبر اور میسیج کرنے کی تفصیلات شیئر کرنے کا وعدہ کرتے ہیں۔

ایک خاتون کلیری (جنہوں نے اپنی شناخت ظاہر نہیں کی) کا کہنا ہے کہ وہ اب تک 100 ڈالر کے تحائف اپنے پسندیدہ اسٹارز کو بھجوا چکی ہیں تاکہ ان کا نمبر حاصل کر سکے تاہم جو نمبر دیا گیا اس پر جواب موصول نہیں ہو رہا۔

ٹک ٹاک ڈرامہ کوئین گفٹ

12 سالہ کلیری کا تعلق انگلینڈ سے ہے انہوں نے ٹک ٹاک کے امریکی اسٹار سیبسٹیئن موے کو 48.99 پاؤنڈ کا ’ڈرامہ کوئن‘ تحفہ ارسال کیا تاکہ ان کی ویڈیو کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار کر سکیں۔

ایپ کے قانون کے مطابق جن ویڈیو میکرز کے ایک ہزار سے زیادہ فالوورز ہوتے ہیں وہ ٹک ٹاک کے پلیٹ فارم پر براہ راست نشریات بھی کر سکتے ہیں۔ براہ راست نشریات کے دوران مداح اپنی پسندیدگی کے اظہار کے لیے انہیں ڈیجیٹل تحفے بھیج سکتے ہیں۔

یہ تحفے اسکرین پر اینیمیشن کے طور پر ظاہر ہوتے ہیں اور ان کی قیمت پانچ پینس سے لے کر 48.99 پاؤنڈ تک ہو سکتی ہے۔ اس ایپ کے بڑے اسٹار ایک ہی براہ راست نشریے میں ہزاروں پاؤنڈ کما سکتے ہیں۔

براہ راست نشریات کے دوران ڈیجیٹل گفٹس ارسال کیے جاسکتے ہیں۔

اس طرح کی آفرز بچوں پر زیادہ اثر انداز ہوتی ہیں۔ اس ایپلیکیشن کے حوالے سے ایک تاثر یہ بھی قائم ہوتا جا رہا ہے کہ اس کی ویڈیوز بچوں پر برے اثرات مرتب کر رہی ہیں۔

کمپنی مالکان کا کہنا ہے کہ 13 سال سے کم عمر کے صارفین ایپ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہیں تاہم اس حوالے سے بہتری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

انفارمیشن کمشنر ایلزبتھ ڈینہم نے ڈیجیٹل، ثقافت، میڈیا اور کھیل کی ایک کمیٹی کو بتایا کہ وہ ٹک ٹاک کے حوالے سے بچوں کے لیے ٹرانسپیرنسی ٹولز اور اس ایپلیکشن پر بچے کس طرح کی ویڈیوز دیکھ رہے ہیں اور ڈاؤن لوڈ کر رہے ہیں کا معائنہ کر رہی ہیں۔

ٹک ٹاک دنیا بھر میں تیزی سے مقبول ہونے والی ایپ ہے محض مارچ کے مہینے میں ٹک ٹاک 10 کروڑ سے زائد بار ڈاؤن لوڈ ہوئی جس کے اس وقت 5 کروڑ سے زائد ایکٹیو صارف موجود ہیں۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ایپ اسٹورس پر اسے ایک ارب سے زیادہ بار ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔

اس ایپ کے تحت صارف 15 سیکنڈ تک کی ویڈیو ڈال سکتے ہیں۔ یہ ایپ تازہ ترین ٹرینڈ کرنے والے گیتوں پر نوجوانوں کو گانے (لپ سنکنگ) اور رقص کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

مزید خبریں :