05 جولائی ، 2019
لاہور: سابق وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان ایک بار پھر پنجاب کابینہ میں شامل ہو گئے۔
پنجاب کابینہ میں ایک بار پھر توسیع کی گئی ہے اور نیب کے ہاتھوں گرفتار سابق وزیر جنگلات سبطین خان کی جگہ فیاض الحسن چوہان کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔
فیاض الحسن چوہان کو صوبائی وزیر برائے جنگلات، فشریز اینڈ لائیو اسٹاک کا قلمدان دیا گیا ہے۔
فیاض الحسن چوہان کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں قائم مقام گورنر و اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے ان سے حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی شریک تھے۔
یاد رہے کہ فیاض الحسن چوہان اس سے قبل بھی عثمان بزدار کی کابینہ کا حصہ رہ چکے ہیں اور وہ صوبائی وزیر اطلاعات تھے۔
فیاض الحسن چوہان صوبائی وزیر ہوتے ہوئے متنازع بیانات کی وجہ سے تنازعات کا شکار رہے ہیں جس میں اداکاراؤں سے متعلق نازیبا بیان اور صحافیوں سے بدسلوکی کا معاملہ بھی شامل ہے۔
تاہم پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی کے دوران انہوں نے ہندو برادری کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کیے جس کا وزیراعظم عمران خان نے سختی سے نوٹس لیا تھا اور انہیں وزرات سے ہاتھ دھونے پڑے تھے۔