پاکستان
Time 07 جولائی ، 2019

سراج الحق کا جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ

 
ٹیکسز والی حکومت نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے: امیر جماعت اسلامی۔ فوٹو: فائل

لاہور: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ آڈیو ویڈیو ٹیپ پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق  نے منصورہ لاہور میں پارٹی کی مجلس شوریٰ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، ٹیکسز والی حکومت نے عوام کا جینا محال کر رکھا ہے۔

سراج الحق نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی مبینہ ویڈیو ٹیپ پر چیف جسٹس آف پاکستان سے عدالتی کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا، چیف جسٹس اس معاملے پر سچ اور جھوٹ سامنے لائیں۔

اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے سراج الحق نے کہا کہ اے پی سی میں اس لیے نہیں گیا کیونکہ ہم ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی میں کوئی فرق نہیں سمجھتے۔

سراج الحق نے کہا کہ عمران خان کو اپنے دورہ امریکا کے دوران ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔

 امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ مہنگائی کے خلاف 12 جولائی کو ملتان اور 19 جولائی کو راولپنڈی میں احتجاجی مارچ کریں گے۔

مزید خبریں :