Time 10 جولائی ، 2019
پاکستان

وزیراعظم 21 سے 23 جولائی تک امریکا کا دورہ کریں گے: ترجمان دفتر خارجہ


واشنگٹن: وزیراعظم عمران خان 21 سے 23 جولائی تک امریکا کا تین روزہ دورہ کریں گے جس میں وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے حوالے سے مختلف قسم کی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں تاہم وائٹ ہاؤس کے بعد پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی وزیراعظم کے دورہ امریکا کی تصدیق کر دی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر امریکا کا تین روزہ دورہ کریں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوگی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر بات چیت ہوگی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم کانگریس ارکان، کارپوریٹ سربراہان اور پاکستانی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم امریکا میں مختلف تقاریب میں نیا پاکستان وژن سے آگاہ کریں گے، وزیراعظم امریکا کے ساتھ کثیر الجہتی تعلقات کی اہمیت کا بھی بتائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم سے آگاہ کریں گے، وزیر اعظم اپنے دورہ امریکا کے دوران پاکستان کی پرُ امن ہمسائیگی کی پالیسی پر روشنی ڈالیں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق دورے سے باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری مزید مضبوط ہو گی۔

دوسری جانب ترجمان وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وزیراعظم عمران خان کا 22 جولائی کو وائٹ ہاؤس آنے پر خیر مقدم کریں گے۔

وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورے میں پاک امریکا تعاون کی مزید مضبوطی توجہ کا مرکز ہو گی، پاک امریکا تعاون کا مقصد خطے میں امن و استحکام اور معاشی خوشحالی لانا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ اور وزیرعظم عمران خان کے درمیان انسداد دہشتگردی، دفاع، توانائی اور تجارت سے متعلق امور پر بات چیت ہو گی۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا مقصد جنوبی ایشیاء میں امن اور پاک امریکا دیرپا شراکت داری کا ماحول پیدا کرنا ہے۔

وزیراعظم کے دورہ امریکا کے حوالے سے قیاس آرائیاں

قبل ازیں وائٹ ہاؤس میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن آرٹگھس کا کہنا تھا کہ وائٹ ہاؤس نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے دورہ کی ابھی تک تصدیق نہیں کی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے حوالے سے میں نے بھی پڑھا ہے لیکن اس کی تصدیق اور ان کی ملاقات کی تفصیلات کے لیے وائٹ ہاؤس سے رابطہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا بیان

پاکستانی دفترِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے بھی اس حوالے سے بیان جاری کیا تھا۔


انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، ہم امریکا کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں، اس حوالے سے جو بھی طے پائے گا اس کا مناسب وقت پر باقاعدہ اعلان ہو گا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم 20 جولائی کو امریکا کے دورے کے لیے روانہ ہوں گے، امریکی حکام اپنے ضوابط پورا کرنے کے بعد اس سلسلے میں اعلان کر دیں گے۔

واضح رہےکہ گزشتہ دنوں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے وزیراعظم کے دورہ امریکا کی تصدیق کی تھی اور بتایا تھا کہ وزیراعظم اور ٹرمپ کی ملاقات 22 جولائی کو ہوگی۔

مزید خبریں :