Time 10 جولائی ، 2019
پاکستان

کراچی میں اینکر کو قتل کرنے کے واقعے کی ویڈیو سامنے آگئی


کراچی: ڈیفنس میں بزنس پارٹنر کے ہاتھوں نجی ٹی وی کے اینکر کو قتل کرنے کے واقعے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔

گزشتہ روز ڈیفنس میں نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اور خضر حیات نامی شخص کو مبینہ بزنس پارٹنر نے قتل کردیا، مبینہ قاتل نے بعد میں خود کو بھی گولی مارلی جو اس وقت تشویش ناک حالت میں زیر علاج ہے۔

جیو نیوز نے واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو حاصل کرلی ہے جس میں مبینہ ملزم عاطف زمان کو اسلحہ لے کر اپنے دوست اور ایک شخص کے ساتھ بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں مزید دیکھا جاسکتا ہے کہ فائرنگ کے بعد ایک مردہ شخص کو ایک خاتون اور دیگر لوگ لفٹ میں اٹھا کر لارہے ہیں۔

تفتیش کا آغاز

دوسری جانب اینکر مرید عباس اور خضرحیات کے قتل کی تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق مقتول مرید عباس اور ملزم عاطف ایک ہی رہائشی عمارت میں رہتے تھے، ملزم نے مقتولین کے ساتھ دیگر کاروباری شراکت داروں کو بھی فون کرکے بلایا تھا۔

حکام کے مطابق ملزم نے مرید عباس اور خضر حیات سمیت پانچ افراد کو کال کی، اس دوران ملزم عاطف نے خضر حیات کو چھوٹا بخاری جب کہ مرید عباس کو بڑا بخاری بلایا جن کا ریکارڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ 

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں، تمام افراد کو تفصیلات لینے کے لیے بلایا جائے گا اور اگر قتل میں استعمال ہونے والا اسلحہ کسی اور کا نکلا تو نیا مقدمہ درج کیا جائے گا۔

مقتول کی میت آبائی علاقے روانہ

ادھر فائرنگ سے قتل ہونے والے مرید عباس کی میت کو کراچی سے اسلام آباد پہنچا گیا گیا ہے جہاں سے ان کی میت کو تدفین کے لیے آبائی علاقے میانوالی لے جایا جائے گا۔

مزید خبریں :