دنیا
Time 11 جولائی ، 2019

ایرانی کشتیوں کی آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر کو روکنے کی کوشش

فوٹو: رائٹرز

لندن: برطانوی حکومت کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی کشتیوں نے برطانوی آئل ٹینکر کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے یا اسے روکنے کی کوشش کی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق حکومتی ترجمان نے بتایا کہ ایرانی کشتیوں نے مشرق وسطیٰ کے قریب آبنائے ہرمز میں برطانوی آئل ٹینکر کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی جس پر برطانوی آئل ٹینکر کی جانب سے ایرانی کشتیوں کو متنبہ کیا گیا۔

برطانوی حکام نے ایران کے ایکشن کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہےکہ برطانوی ٹینکر کو روکنے والی کشتیوں کا تعلق ایران کے انقلابی گارڈ سے ہے جس کے اہلکاروں نے مشرق وسطیٰ کے آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر تک پہنچنے کی کوشش کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آئل ٹینکر کی نگہبانی پر مامور جہاز کی جانب سے ایرانی کشتیوں کو پیچھے ہٹنے کا حکم دیا گیا جس پر ان کی جانب کسی قسم کی فائرنگ نہیں کی گئی۔

برطانوی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز سے تین ایرانی کشتیوں نے برطانوی ورثے کے کمرشل جہاز کو روکنے کی کوشش کی جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ترجمان نے ایران کی کارروائی پر تشویش کا اظہار کیا اور ایرانی حکام پر خطے میں اس صورتحال کو کم کرنے پر بھی زور دیا۔

دوسری جانب ایرانی انقلابی گارڈ کے ترجمان کی جانب سے برطانوی جہاز کو روکے جانے کے امریکی اور برطانوی دعوے کی تردید کی گئی ہے۔

واضح رہےکہ گزشتہ دنوں جبرالٹر میں برطانوی حکومت نے ایرانی آئل ٹینکر کو پکڑا جس پر ایران نے برطانیہ سے آئل ٹینکر کو چھوڑنے کا مطالبہ کیا اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں بدلہ لینے کا اعلان کیا تھا۔

مزید خبریں :