Time 05 جولائی ، 2019
دنیا

ایران کا برطانیہ سے جبرالٹر میں پکڑے گئے آئل ٹینکر کو چھوڑنے کا مطالبہ

فوٹو: رائٹرز

تہران: ایران نے برطانیہ سے جبرالٹر میں پکڑے گئے اپنے آئل ٹینکر کو چھوڑنے کا مطالبہ کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران نے برطانیہ کی جانب سے جبرالٹر میں پکڑےگئے آئل ٹینکر کو غیر قانونی عمل قرار دیا ہے اور اسے فوری چھوڑنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کارروائی پر ایران نے جمعے کے روز برطانوی سفیر کو طلب کرکے باضابطہ احتجاج کیا اور ایرانی وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے برطانوی سفیر سے ملاقات کے دوران برطانیہ کی اس کارروائی کو ناقابل قبول قرار دیا۔

ایرانی حکام نے برطانوی سفیر سے آئل ٹینکر کو چھوڑنے کا بھی فوری مطالبہ کیا جب کہ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ موصول شدہ اطلاعات کے مطابق برطانیہ نے یہ کارروائی امریکا کےکہنے پر کی۔

ایران کے سینئر عسکری حکام نے واقعے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر آئل ٹینکر کو فوری طور پر نہ چھوڑا گیا تو یہ تہران کا فرض ہے کہ وہ اسی طرح کرے اور برطانوی ٹینکر کو قبضے میں لے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی شاہی میرینز، پولیس اور کسٹم حکام نے جمعرات کے روز ایرانی کروڈ آئل لے کر شام جانے والے ٹینکر کو پکڑ لیا اور اسے یورپی یونین کی جانب سے شام کے صدر بشارالاسد کی حکومت کے خلاف عائد کی جانے والی پابندیوں کی خلاف ورزی قرار دیا۔

برطانوی حکام کا کہنا ہےکہ ٹینکر کے کریو ممبران کے بطور گواہان بیان لیے جارہے ہیں جس میں کارگو کی نوعیت اور حتمی منزل کا تعین کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

ادھر وائٹ ہاؤس کے نیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر نے ایرانی ٹینکر پکڑے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :