14 جولائی ، 2019
پنجاب کے مختلف شہروں میں آندھی اور موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
گوجرانوالہ، فیصل آباد، حافظ آباد، چنیوٹ اور مری سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں آندھی کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سرگودھا، پشاور، کوہاٹ، بنوں، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں جمعرات تک مون سون سیزن کی مزید بارش کا امکان ہے۔
لاہور میں بھی رات سے ہونے والی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہو گیا جب کہ عابد مارکیٹ، لارنس روڈ، مزنگ چونگی اور گورنر ہاؤس سے ملحقہ سڑکوں پر پانی کھڑا ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
واسا ذرائع کے مطابق لاہور میں سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 44 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ جوہر ٹاؤن میں 36، اقبال ٹاؤن اور نشتر ٹاؤن میں 35 ملی میٹر، گلبرگ اور اندرون شہر میں 33، فرخ آباد اور اپرمال کے علاقے میں 32 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
ایم ڈی واسا زاہد عزیز کا کہنا ہے کہ واسا کی ٹیمیں نکاسی آب کے لیے متحرک ہیں اور نشیبی علاقوں میں جمع ہونے والے پانی کو جلد نکال دیا جائے گا۔
محکمہ موسمیات نے ہزارہ، راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور کشمیر کے ندی نالوں میں طغیانی اور ہزارہ ڈویژن ،کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
کراچی میں موسم کی صورت حال
کراچی میں بھی تیز ہوائیں چلنے کے باعث گرمی کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب وادی کوئٹہ اور بلوچستان کے متعدد اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔
طبی ماہرین نے بلوچستان کے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو بلا ضرورت تیز دھوپ میں نہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے۔