14 جولائی ، 2019
برطانوی امدادی ادارے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ ( ڈی ایف آئی ڈی) نے شریف خاندان کی جانب سے زلزلہ زدگان کی رقم چوری کرنے سے متعلق ڈیلی میل کی خبر کی تردید کر دی۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ شہباز شریف کے دور حکومت میں برطانوی امدادی ادارے کی جانب سے حکومت پنجاب کو 50 کروڑ پاؤنڈ دیئے تھے جس میں سے رقم چوری کی گئی۔
اب برطانوی امدادی ادارے ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ کی جانب سے بھی اس حوالے سے وضاحتی بیان جاری کیا گیا ہے جس میں ڈیلی میل کی خبر کی تردید کی گئی ہے۔
ڈی ایف آئی ڈی کے مطابق ڈیلی میل نے اپنی اسٹوری کو سچ ثابت کرنے کے لیے کم ثبوت پیش کیے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 2005 کے زلزلے کے بعد برطانیہ کی جانب سے حکومت پنجاب کے ارتھ کوئک ریلیف اینڈ ری کنسٹرکشن اتھارٹی (اررا) کو اسکولوں کی تعمیر کے لیے امداد دی گئی جو تعمیر ہوئے اور جن کا آڈٹ بھی کیا گیا۔
ڈی ایف آئی ڈی کے ترجمان نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ برطانوی ٹیکس دہندگان کا پیسہ بالکل ٹھیک جگہ پر خرچ ہوا اور اس امدادی رقم کے ذریعے زلزلہ متاثرین کی مدد کی گئی، ہم پراعتماد ہیں کہ برطانوی ٹیکس دہندگان کے پیسے کو فراڈ سے محفوظ رکھا گیا۔