16 جولائی ، 2019
لاہور میں بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے وزیراعلیٰ پنجاب اپنی گاڑی میں سڑکوں پر نکل پڑے، وزیراعلیٰ پنجاب نے پانی میں پھنسی خواتین کواپنی گاڑی میں لفٹ بھی دی اور منزل تک پہنچایا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار موسلادھار بارش کے بعد گاڑی خود ڈرائیو کرتے ہوئے لاہور کی سڑکوں پر نکلے، ڈیوس روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک اور نکلسن روڈ سمیت دیگر مقامات کا دورہ کیا۔
بوہڑ والا چوک کے قریب ایمپریس روڈ پر چند خواتین بارش کے پانی میں کھڑی تھیں، انہیں دیکھ کر وزیراعلیٰ نے گاڑی روکی، خواتین کو لفٹ کی آفر کی، گاڑی میں بٹھایا اور بس اسٹاپ پر چھوڑ دیا۔
وزیراعلیٰ نےسیف سٹیز اتھارٹی آفس کا دورہ بھی کیا اور مانیٹرنگ روم سے شہر کے مختلف علاقوں میں جمع پانی اوراس کی نکاسی کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر صالحہ سعید اور ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ لاہور کو پیرس بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے نکاسی آب کا بنیادی انتظام ہی نہیں کیا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ شہر میں سفید ہاتھی نما منصوبے بنانے والوں نے نکاسی آب کا بنیادی انتظام نہیں کیا۔ وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ اور واسا حکام کو تمام شاہراہوں سے فوری طور پر پانی نکالنے کی ہدایت کی۔