کون ہوگا پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا نیا کوچ؟ پی سی بی نے اشتہار دے دیا

یونس خان اورمصباح الحق جیسے بڑے کھلاڑیوں کی جانب سے انکار کے بعد اب پی سی بی نے اشتہار کے ذریعے کوچ کی تلاش شروع کردی— فوٹو: پی سی بی 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا عہدہ مشتہر کردیا ہے۔

یونس خان اور مصباح الحق جیسے بڑے کھلاڑیوں کی جانب سے انکار کے بعد اب پی سی بی نے اشتہار کے ذریعے کوچ کی تلاش شروع کردی ہے۔

اشتہار کے مطابق ہیڈ کوچ انٹرنیشنل کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ پر کام کرے گا جبکہ ہیڈ کوچ لیول ٹو کوچنگ کورس کے ساتھ ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا تجربہ بھی رکھتا ہو اور اسے 3 سالہ کوچنگ کا تجربہ ہو۔ دلچسپی رکھنے والے 30 جولائی تک درخواست دے سکتے ہیں۔

جنوبی افریقا میں انڈر 19 ورلڈ کپ کوسامنے رکھتے ہوئے تین سال کیلئے نئے ہیڈ کوچ کی تقرری کی جائے گی۔

خیال رہے کہ اس وقت اعظم خان پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کوچ ہیں، اس سے قبل منصور رانا کے پاس یہ عہدہ تھا۔

ابتداء میں پی سی بی چاہتا تھا کہ راہول ڈریوڈ ماڈل کے تحت کسی بڑے کوچ کا تقرر کیا جائے لیکن یونس خان اور مصباح الحق سے انکار کے بعداب اشتہار کے ذریعے ہیڈ کوچ تلاش کیا جارہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اب راشد لطیف،ثقلین مشتاق اور محمد یوسف جیسے کھلاڑیوں سے بھی بات چیت کررہا ہے لیکن راشد لطیف پہلے ہی سرکاری ٹی وی کے ساتھ3 سالہ معاہدہ کر چکے ہیں۔

ذرائع کامزیدکہنا ہے کہ اسی طرح کے اشتہار سینیئر کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کیلئے بھی دیئے جائیں گے۔

مزید خبریں :