20 جولائی ، 2019
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ایک بار پھر ڈیل کی خبروں کو مسترد کردیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ دنیا کو پتا ہے عمران خان سلیکٹڈ ہیں، اسی لیے انہیں اپنے ساتھ عسکری قیادت کو بھی امریکا لے جانا پڑا۔
میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ادھر ادھر سے میسیجز ملتے ہیں لیکن اس پر ردعمل دینا آپ کی صوابدید پر ہے۔
انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ن لیگ نہ رابطے کرے گی اور نہ ڈیل، ڈیل کرنا ہوتی تو نواز شریف جیل میں نہ ہوتے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیل کے لوازمات کو عمران خان جیسا سیلیکٹڈ تو پورا کر سکتا ہے لیکن میاں صاحب اور مسلم لیگ (ن) جمہوریت کی پیٹھ پر چُھرا نہیں گھونپ سکتے اور نہ ہی عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچاسکتے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اتوار کو ہر حال میں فیصل آباد جاؤں گی، گرفتاریاں کارکنوں کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔