Time 24 جولائی ، 2019
پاکستان

’وزیراعظم کے کامیاب دورہ امریکا سے ہاؤس آف شریف کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی‘

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان—. فوٹو؛فائل

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان  نے اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹر بیان میں تنقید کرتے ہوئے کہا شہباز شریف کا بیان کپتان کے خلاف حسد کا اظہار ہے کیونکہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کی کامیابیوں سے ہاؤس آف شریف کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو امریکا میں پاکستانیوں کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ دیکھ کر برداشت نہیں ہوا، ایرینا ون کے عوامی جوش وخروش، والہانہ استقبال اور صدر ٹرمپ کے ساتھ کامیاب ملاقات نے اُن کی نیندیں اڑا دیں ہیں۔


فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف عمران خان سے عداوت اور بغض میں جتنا عوام کو گمراہ کرتے ہیں، ان کی محبت عمران خان کے لیے بڑھتی جاتی ہے۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ دورہ امریکا پر عمران خان کشمیریوں کے وکیل بن کر ابھرے، انہوں نے تنازع کشمیر کے حل کی اہمیت کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کشمیر پر سیاست کرنے سے پہلے آنکھیں کھول کر سید علی گیلانی کا بیان پڑھ لیتے،کشمیریوں کے قائد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔


فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ کم ظرف سوچ کے ساتھ بسوں میں سفر کا طعنہ دینے کے بجائے عمران خان کی سادگی اور کفایت شعاری کی مثال سے سیکھتے؟ شہباز صاحب! آپ سب سے بڑے شعبدہ باز ہیں جو لندن میں تو سڑکیں پیدل ناپتے ہیں لیکن پاکستان آتے ہی پروٹوکول کے نشے کا شکار ہو جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کا وزیراعظم کے دورہ امریکا کے حوالے سے بیان ان کی پست سوچ اور کرپٹ خصلت کا آئینہ دار ہے۔

مزید خبریں :