Time 24 جولائی ، 2019
دنیا

کئی یورپی ممالک میں رواں ہفتے ریکارڈ گرمی پڑنے کی پیش گوئی

فرانس، اسپین اور ہالینڈ نے شدید گرمی کے باعث الرٹ جاری کر دیا ہے۔ فوٹو: فائل

جرمنی اور بیلجیئم سمیت کئی یورپی ممالک میں رواں ہفتے ریکارڈ ساز گرمی پڑنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

منگل کو فرانس کے شہر بورڈیاکس میں 2003 کے بعد ریکارڈ ساز 41 اعشاریہ 2 سینٹی گریڈ گرمی ریکارڈ کی گئی جو یورپ میں رواں موسم گرما میں دوسری ہیٹ ویو ہے۔

رواں ہفتے جرمنی، بیلجئیم اور ہالینڈ سمیت کئی پورپی ممالک میں شدید ترین گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ورلڈ میٹیرولوجیکل آرگنائزیشن کی ترجمان کلیری نولس نے موسمیاتی تبدیلیوں کو ہیٹ ویو کی وجہ قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے ہم نے جون میں دیکھا کہ موسم گرما وقت سے پہلے شروع ہوا اور اس دوران گرمی کی شدت بھی بہت زیادہ تھی۔

فرانس میں الرٹ

فرانس کے کئی شہروں میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے باعث اورنج الرٹ (وارننگ کا دوسرا بڑا الرٹ) جاری کر دیا گیا ہے۔

فرانس کے محکمہ موسمیات کے مطابق پیرس میں جمعرات کو ریکارڈ ساز گرمی پڑ سکتی ہے۔ پیرس میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 40 اعشاریہ 4 سینٹی گریڈ ہے جو 1947 میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔

فرانس میں 2003 میں آنے والی ہیٹ ویو کے دوران 1500 کے قریب افراد ہلاک ہوئے تھے۔

یورپی ممالک میں ہیٹ الرٹ

اسپین نے بھی زراگوزا ریجن میں ریڈ الرٹ جاری کر رکھا ہے جہاں گزشتہ ماہ بڑے پیمانے پر جنگلات میں آتشزدگی ہوئی تھی۔

یورپ کے کلائمیٹ چینج حکام کے مطابق شدید گرم موسم کے باعث اسپین اور پرتگال میں بڑے پیمانے پر آتشزدگی کا خدشہ ہے۔

ہالینڈ کی حکومت نے بھی گرم موسم سے نمٹنے کے لیے ’نیشنل ہیٹ پلان‘ ترتیب دے دیا ہے۔

برطانیہ میں بھی درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر جا سکتا ہے۔

مزید خبریں :