Time 31 جولائی ، 2019
پاکستان

مون سون بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی سطح میں 13 فٹ کا اضافہ


حب: مون سون بارشوں سے حب ڈیم میں پانی کی سطح میں 13 فٹ کا اضافہ ہوگیا جس سے کراچی کے لیے 2020 تک کا پانی جمع ہوگیا۔

واٹر بورڈ کے مینیجنگ ڈائریکٹر اسد اللہ خان کے مطابق پانی کی سطح میں اضافے سے کراچی کے ضلع غربی کو دسمبر 2020 تک پانی کی بلا تعطل فراہمی ممکن ہوسکے گی۔ 

واپڈا ذرائع کے مطابق پیر کو حب ڈیم میں پانی کی سطح 296 فٹ پر تھی، اس روز بارشوں کے بعد حب ڈیم میں پانی کی آمد کا سلسلہ تیزی سے شروع ہوا اور منگل کی شام تک ڈیم کی سطح 303 فٹ پر آگئی تھی۔ 

ایم ڈی واٹر بورڈ نے بتایا کہ گزشتہ رات کیچمنٹ ایریا سے ڈیم میں پانی کے مزید ریلے پہنچے اور بدھ کی دوپہر تک حب ڈیم میں سطح آب 309 فٹ سے تجاوز کرگئی تھی اور پانی کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ 

اس سے قبل رواں سال فروری میں غیر موسمی بارشوں سے بھی حب ڈیم میں 20 سے زائد فٹ پانی آگیا تھا اور حب ڈیم 300 لیول تک پانی سے بھر گیا تھا۔ 

واضح رہے کہ حب ڈیم سے حب کینال کے ذریعے کراچی کے ضلع غربی کے علاوہ بلوچستان کے نواحی علاقوں کو پانی سپلائی کیا جاتا ہے۔ 

مزید خبریں :