01 اگست ، 2019
پاکستان کی مقبول اداکارہ ماہرہ خان گزشتہ ہفتے سینیئر ٹی وی اداکار فردوس جمال کی تنقید کا نشانہ بنیں جس پر مداحوں نے اداکارہ کا ساتھ دیا اور ماہرہ خان نے بھی تنقید کا جواب مثبت انداز سے دیا۔
ماہرہ خان نے آج جیو نیوز کے مارننگ شو ' جیو پاکستان' سے خصوصی گفتگو کی جس میں انہوں نے فردوس جمال کی تنقید کا مثبت جواب دینے کے حوالے سے بات چیت کی۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ جب مجھ پر تنقید کی گئی تو 'میں نے کوئی ردعمل نہیں دیا کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ میں ان چیزوں پر ردعمل نہیں دیتی لیکن پوری انڈسٹری اور میرے مداح نے اس پر ردعمل دیا اور بُرا منایا جس کے باعث میں نے سوچا کہ اپنے جذبات کا اظہار کروں گی'۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب بھی لوگ تنقید کرتے ہیں تو دل دکھتا ہے لیکن میری والدہ نے ہمیشہ ان سب سے آگے بڑھنا سیکھایا ہے، انہوں نے ہمیشہ چیزوں کو مثبت اور روشن نظریے سے دیکھنے کی عادت ڈالی ہے۔
ماہرہ خان کہتی ہیں کہ ان کا ماننا ہے کہ اتنی زیادہ تعداد میں محبت جو انہیں ملی وہ نفرت پر بھاری ہے۔
پاکستان کی مادھوری ڈکشت کہلانا اعزاز کی بات ہے
دوسری جانب ماہرہ خان نے اپنے نئے گانے 'مورے سئیاں' اور 'نوری' میں بالی وڈ اداکارہ مادھوری ڈکشت سے تشبیہ دینے پر بھی اظہار خیال کیا۔
اس حوالے سے ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ 'مجھے کبھی بھی کسی بھی بالی وڈ اداکارہ سے نہیں ملایا گیا تو مجھ میں مادھوری ڈکشت کی جھلک دکھنا معنی رکھتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ مادھوری کی بہت بڑی مداح ہیں اور پاکستان کی مادھوری ڈکشت کہلانا اعزاز کی بات ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے ایک نجی چینل پر اداکار فردوس جمال نے ماہرہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'کسی کو برا لگے یا اچھا، ماہرہ خان ہیروئن اسٹف نہیں ہے، وہ درمیانے درجے کی ماڈل ہے، وہ اچھی ایکٹرس نہیں اور اچھی ہیروئن بھی نہیں، سوری ٹو سے، ایک تو اس کی عمر زیادہ ہے، مطلب اس عمر میں ہیروئنیں نہیں ہوتی بلکہ ماں کے کردار کیے جاتے ہیں‘۔
ماہرہ خان نے خاموشی توڑتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک مثبت پوسٹ شیئر کی تھی جس میں ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ہ جنہوں نے ان کو زبردست سپورٹ کیا۔
خیال رہے کہ ماہرہ خان ان دنوں اپنی نئی فلم 'سپر اسٹار' کی تشہیر میں مصروف ہیں جس میں وہ اداکار بلال اشرف کے ساتھ پہلی مرتبہ جلوہ گر ہوں گی۔
فلم 'سپر اسٹار' عیدالاضحی کے موقع پر سینما گھروں کی زینت بنے گی۔