Time 04 اگست ، 2019
پاکستان

'اب ہوگا صاف کراچی' مہم کا آغاز

کراچی میں صفائی مہم آج دن 12 بجے کے پی ٹی پیڈ آفس سے شروع ہوگی جو دو ہفتے یعنی 14 اگست تک جاری رہے گی، وفاقی وزیرعلی زیدی— فوٹو پی پی آئی

وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کراچی میں صفائی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا۔

کراچی میں صفائی مہم کا آغاز کرنے کے لیے کے پی ٹی ہیڈ آفس میں افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس میں وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی، ایم کیو ایم کنوینر خالد مقبول صدیقی اور چیئرمین کے پی ٹی نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ میئر وسیم اختر، فردوس شمیم نقوی، حلیم عادل شیخ سمیت پی ٹی آئی ارکان اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے صوبائی حکومت کو دو ہفتوں میں کراچی کے 6 اضلاع سے کچرا صاف کر کے دکھانے کا چیلنج دے رکھا ہے جس کے تحت وہ کراچی صفائی مہم کا آغاز آج سے کر رہے ہیں۔

ہم ایک دفعہ یہ شہر صاف کرکے دکھانا چاہتے ہیں: وفاقی وزیر علی زیدی کا خطاب
صفائی مہم کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کا خطاب— جیو نیوز اسکرین گریب

صفائی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ اگر نیت صاف ہو تو دنیا آپ کے ساتھ ہوتی ہے اور اللہ تعالیٰ آپ کے لیے دروازے کھولتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں صفائی مہم کے لیے 15ہزار رضا کار درکار ہیں، صفائی مہم کا کام دو مرحلوں میں ہوگا پہلے مرحلے میں نالے صاف کیے جائیں گے جب کہ دوسرے مرحلے میں کچرا اٹھانے کا کام کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ شہر میں کچرا اٹھانے کا نظام نہیں ہے اور لوگ کچرا باہر پھینک رہے ہیں کیونکہ کراچی کے بارے میں کسی نے منصوبہ بندی ہی نہیں کی۔

علی زیدی نے حکومت سندھ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک دفعہ یہ شہر صاف کرکے دکھانا چاہتے ہیں جس کے بعد شہر کی صفائی کو بحال رکھنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔

کراچی صفائی کے معاملے پر سیاست سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا: میئر وسیم اختر
میئر کراچی وسیم اختر کا تقریب سے خطاب— فوٹو اسکرین گریب 

میئر کراچی وسیم اختر  نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں صفائی مہم خوش آئند عمل ہے اور شہر کو کچرے سے صاف کرنے کے لئے سب ایک پیج پر ہیں۔

وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ہم سب کراچی کو صاف کرنے کے لیے نکلے ہیں کیونکہ صفائی کے معاملے پر سیاست سے بالاتر ہو کر کام کرنا ہوگا۔

میئر کراچی نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نالے صاف کرانا حکومت کی ذمہ داری ہے جب کہ کراچی 6 ارب روپے دیتا ہے، یہ کراچی کا پیسا کہاں جا رہا ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ سعید غنی کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں صرف کام پر ہی توجہ دے رہا ہوں آپ بھی اپنی ذمہ داریوں پر توجہ دیں۔

کراچی کو صاف کرنا ایک فرد کی ذمہ داری نہیں، ہر شہری کی ذمہ داری ہے

علی زیدی کی صفائی مہم کے اقدام کو کرکٹ کھلاڑی، شوبز شخصیات اور شہریوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

اس کے لیے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، فاسٹ بولر وہاب ریاض، حسن علی، انگلینڈ کے کھلاڑی کرس جارڈن، ویسٹ انڈیز کے آندرے فلیچر، میوزک گروپ 'اسٹرنگز'، گلوکار شہزاد رائے اور علی ظفر نے بھی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے علی زیدی کی کاوشوں کو شاندار اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ کسی نے تو یہ بیڑہ اٹھایا ہے۔

اداکارہ سیمی راحیل کا بھی مہم کے حوالے سے کہنا تھا کہ ان کی تمنا ہے کہ کراچی دوبارہ ویسا ہوجائے جیسا ان کی بچپن کی یادوں میں زندہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی دل ہے، اسے ایسا ہونا چاہیے کہ لوگ یہاں آئیں تو واپس جانا نہ چاہیں، آئیے اپنے بچوں کو سکھائیں کہ سڑکوں پر کچرا نہ پھینکیں۔

اب ہوگا صاف کراچی کے لیے اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ جب سے ہوش سنبھالا ہے روشنیوں کے شہر کو مشکلات میں گھرا پایا، ارمان بن کر رہ گیا ہے کہ کراچی میں بھی کوئی ترقی ہو۔

اداکار نے مزید کہا کہ کراچی کو صاف کرنا ایک فرد کی ذمہ داری نہیں، ہر شہری کی ذمہ داری ہے آئیے مل کر علی زیدی کا ہاتھ بٹائیں۔

ڈیزائنر یوسف بشیر قریشی نے کہا کہ کراچی، کراچی ہے یہ برطانوی راج کا مثالی صاف ستھرا شہر تھا اور آج ہم نے اسے کس حالت میں پہنچا دیا ہے۔ کھارادر، وینس کی گلیوں سے زیادہ خوبصورت ہے بس اسے دوبارہ دنیا کا صاف ستھرا ترین شہر بنانے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :