17 اگست ، 2019
تمغہ امتیاز کا اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان کی مقبول اداکارہ مہوش حیات نے پریانکا چوپڑا کو دنیا میں امن اور پاکستان کے لیے مثبت رائے قائم کرنے کی تجویز دی ہے۔
مہوش حیات نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے لیے ایک مضمون تحریر کیا جس میں انہوں نے بالی وڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کی خیرسگالی سفیر پریانکا چوپڑا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بحیثیت نامور شخصیت آپ کو امن کا پرچار کرنا چاہیے۔
مہوش لکھتی ہیں کہ وہ نامور شخصیات جو عوام کے فلاح و بہبود کیلئے کام کرتی ہیں اُن کی توجہ ہمیشہ انسانیت پر ہونی چاہیے، پریانکا کو ایسے معاملات پر آواز نہیں اٹھانی چاہیے جو ان روایات کی مخالفت کر رہی ہو جن کی نمائندگی کا وہ دعویٰ کرتی ہیں۔
خیال رہے کہ پریانکا رواں برس فروری میں بھارت کے پلوامہ حملے پر جنگ کو بڑھاوا دینے پر تنقید کا شکار بنیں اور اسی وجہ سے چند روز قبل لاس اینجلس میں منعقد ایک بیوٹی ایونٹ میں بھی انہیں پاکستان نژاد امریکی خاتون نے منافق کہا تھا۔
مہوش حیات نے لکھا کہ ہالی وڈ جب کہ اس سے بڑھ کر بالی وڈ میں پاکستان اور مسلمانوں کی منفی شکل دکھائی گئی ہے جس سے مشہور شخصیات کی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں کیونکہ فلمیں ناظرین پر براہ راست اثرانداز ہوتی ہیں۔
پریانکا کے لیے مہوش حیات نے لکھا کہ بجائے اس کے وہ اپنی پوزیشن کے اثر و رسوخ سے پاک بھارت کشیدہ حالات اور تناؤ کم کرتی انہوں نے جنگجنو کا کردار ادا کیا اور اپنے ہم وطن (مودی) کی بات تسلیم کی۔
پاکستان کی کامیاب فلموں میں کام کرنے والی مہوش حیات نے مزید لکھا کہ مشہور شخضیات کو سیاست سے دور رہنا چاہیے، پریانکا کو امریکا میں منتقل ہو جانے کے بعد تبدیل ہو جانا چاہیے تھا اور انہیں کسی بھی سنگین مسئلے پر بات کرتے وقت ایک بھارتی نہیں بلکہ ایک امریکی اور عالمی شخصیت کے طور پر بات کرنی چاہیے۔
مہوش نے لکھا کہ پریانکا کو پاکستان اور بھارت میں نفرتیں پھیلانے کے بجائے انسانیت اور امن کا درس دینا چاہیے، ساتھ ہی بالی وڈ کو دہشت گردی اور نفرتیں پھیلانے والے موضوعات کو چھوڑ کر دوسرے موضوعات پر کام کرنا چاہیے تاکہ مثبت پہلو سامنے آئیں۔