کراچی: میرٹ پر تھانیداروں کی تقرری کا امتحان، 350 میں سے صرف 37 امیدوار پاس

امتحانات پاس کرنے والے پولیس افسران کی میرٹ لسٹ کے مطابق پہلے 24 افسران کو ایس ایچ او تعینات کیا جائے گا — فوٹو: فائل 

کراچی میں میرٹ پر تھانیداروں کی تقرری کا امتحان میں 350 میں سے صرف 37 امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔

میرٹ امتحان میں کامیاب 37 افسران میں سے پہلے 24 افسران کی شہر کے مختلف خالی تھانوں میں تعیناتی کی جارہی ہے۔ 

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے عہدے کا چارج لینے کے بعد انٹرویوز اور امتحانات کے ذریعے تھانیداروں تعینات کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او کی تعیناتی کے خواہشمند لگ بھگ 475 پولیس افسران نے درخواستیں دی تھیں تاہم ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کی سربراہی میں 6 ڈی آئی جیز پر مشتمل 7 رکنی امتحانی کمیٹی کے روبرو 350 انسپکٹرز اور سب انسپکٹرز پیش ہوئے جن میں سے صرف 70 امیدوار پولیس افسران کو انٹرویو میں ایس ایچ او لگنے کے لیے اہل قرار دیا گیا۔

پالیسی کے مطابق ان کی تقرری بھی امتحانات کے بعد عمل میں آنی تھی، یہ امتحانات ڈرائیونگ لائسنس برانچ کلفٹن کے سلیم واحد آڈیٹوریم میں ہفتے کی شام ہوئے جس میں تمام 70 پولیس افسران شریک ہوئے۔ 

امتحانات لینے والی کمیٹی نے سلیم واحدی آڈیٹوریم میں ہی پیپر چیک کرنے کے بعد رزلٹ کا اعلان کیا اور ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے بتایا کہ امتحانات میں 70 امیدواروں میں سے محض 37 کو پاس قرار دیا گیا ہے۔

اس سے قبل ہفتہ کی دوپہر کراچی کے 107 تھانوں میں پہلے سے تعینات ایس ایچ اوز کو بھی ڈی آئی جی ساؤتھ کے دفتر میں انٹرویوز کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ 

پولیس ذرائع کے مطابق انٹرویو کیلئے آنے والے 13 ایس ایچ اوز کو اپر اسکول کورس کوالیفائی نہ ہونے کی وجہ سے چارج چھوڑنے کا حکم دے دیا گیا جبکہ متعدد ایس ایچ اوز کو کرپشن، جرائم پر قابو پانے میں ناکامی اور جسمانی طور پر ان فٹ ہونے کے باعث ہٹانے کا حکم دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نان اپر کوالیفائڈ 13 اور دیگر پولیس افسران کے ہٹائے جانے کی وجہ سے کراچی کے 24 تھانے خالی ہوئے ہیں جہاں امتحانات پاس کرنے والے پولیس افسران کی میرٹ لسٹ کے مطابق پہلے 24 افسران کو ایس ایچ او تعینات کیا جا رہا ہے۔ 

پولیس ذرائع کے مطابق ضلع وسطی کے لیاقت آباد اور سپرمارکیٹ تھانوں کو یکجا کرکے ماڈل پولیس اسٹیشن بنایا گیا ہے جہاں انسپکٹر رضوان پٹیل کی بطور ایس ایچ او تقرری کی گئی ہے۔

سرجانی ٹاون، سعید آباد، نارتھ ناظم آباد، پیرآباد، خواجہ اجمیرنگری، میٹھادر، ڈاکس، ابراہیم حیدری، شاہ لطیف ٹاؤن، سکھن تھانے، ملیرسٹی اور میمن گوٹھ تھانوں میں نئے ایس ایچ اوز تعینات کیے جائیں گے۔

مزید خبریں :