دنیا
Time 24 اگست ، 2019

امارات نے مودی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نواز دیا

برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اماراتی ولی عہد سے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا — فوٹو: بشکریہ اماراتی ولی عہد ٹوئٹر اکاؤنٹ 

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نوازا ہے۔

متحدہ عرب امارات نے رواں سال اپریل میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز دینے کا اعلان کیا تھا۔

لیکن اس فیصلے کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے باعث شدید تنقید کا سامنا ہے کیونکہ 5 اگست کو اٹھائے گئے بھارتی اقدامات کے بعد احتجاج کے پیش نظر وادی میں مکمل لاک ڈاؤن ہے جس کے باعث بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے۔

سوشل میڈیا پر کئی افراد کے ساتھ ساتھ برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے بھی متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے مودی کو اعلیٰ ترین اماراتی سویلین اعزاز دینے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا۔

بھارتی وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے مختصر دورے پر جمعہ کو ابوظہبی پہنچے، نریندر مودی نے قصر الوطن میں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ اسٹریٹیجک تعلقات پر بھی بات کی گئی۔

اس ملاقات میں اماراتی ولی عہد محمد بن زاید النہیان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ملک کا اعلیٰ ترین سول اعزاز (آرڈر آف زاید) دیا۔



 دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اعلیٰ ترین اعزاز دینے پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ 



مزید خبریں :