دنیا
Time 28 اگست ، 2019

سمجھوتے کے قریب ہیں، مسلمان اور آزادی پسند جلد اچھی خبرسنیں گے: افغان طالبان

دوحہ میں امریکا طالبان مذاکرات آج بھی جاری رہیں گے، سہیل شاہین — فوٹو:فائل

قطر میں افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ وہ امریکا سے سمجھوتے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

افغان طالبان کے نمائندوں اور امریکا کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحا میں امن مذاکرات کا 9 واں دور جاری ہے جس میں معاہدے کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

اس حوالے سے قطر میں افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ دوحہ میں امریکا طالبان مذاکرات آج بھی جاری رہیں گے جب کہ وہ مذاکرات میں سمجھوتے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ امید ہےکہ مسلمان اور آزادی کے چاہنے والے جلد اچھی خبر سنیں گے۔

 تاہم افغان طالبان کے بیان پر کابل میں امریکی سفارتخانے نے کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔

گزشتہ روز انٹرویو میں افغان طالبان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں طالبان نے امریکا کو افغان سرزمین کو کسی کے خلاف حملے میں استعمال نہ کرنے کی ضمانت دی ہے اور ساتھ ہی غیرملکی افواج کی واپسی کیلئے محفوظ راستہ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

یاد رہے کہ امریکا کی جانب سے نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد افغان طالبان نمائندوں سے مذاکرات کررہے ہیں جنہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پورا اختیار دے رکھا ہے۔

خیال رہے کہ امریکا افغانستان میں 18 سال سے جنگ لڑ رہا ہے جس میں ہزاروں افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں، اس جنگ میں سیکڑوں امریکی و اتحادی فوجی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :