Time 28 اگست ، 2019
پاکستان

مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر وزیر خارجہ کا سلامتی کونسل کی صدر کو ایک اور خط

اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کو بھارتی سائیڈ پر بھی پیٹرولنگ کی اجازت دی جائے: شاہ محمود قریشی کا خط میں مطالبہ  — فوٹو: فائل 

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سلامتی کونسل کی موجودہ صدر جوانا ورونیکا کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے معاملے پر ایک اور خط تحریر کیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے حالیہ اقدامات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس بلانے کیلئے خط لکھا تھا۔

وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کی صدر کو  ایک اور خط تحریر کیا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا گیا۔

خط کے مطابق مکمل لاک ڈاؤن سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوگئی ہے، بھارتی اقدام خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔

شاہ محمود قریشی نے سلامتی کونسل کو بھارت کی طرف سے جھوٹے  فلیگ آپریشن کے خدشے سے بھی آگاہ کیا جبکہ خط میں صدر سلامتی کونسل کو بھارتی وزیر کے جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق بیان سے بھی آگاہ کیا۔

خط میں وزیرخارجہ نے لکھا کہ مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی تعداد کو دگنا کیا جائے، یو این فوجی مبصرین کو بھارت کی جانب بھی پیٹرولنگ کی اجازت دی جائے۔

خط کے مطابق سلامتی کونسل عالمی اور علاقائی سلامتی کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کرے، پاکستان مسئلہ کشمیر کے پر امن اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل پر تعاون کیلئے تیار ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں 24 روز سے مکمل لاک ڈاؤن ہے جس کے باعث بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :