Time 31 اگست ، 2019
دنیا

مقبوضہ جموں و کشمیر سے کرفیو اور مواصلاتی پابندیاں فوری ہٹائی جائیں: او آئی سی

مقبوضہ جموں و کشمیر سے کرفیو اور مواصلاتی پابندیوں فوری ہٹائی جائیں اور کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا احترام کیا جائے: تنظیم تعاون اسلامی کا اعلامیہ جاری— فوٹو: فائل 

اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حثیت ختم کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

او آئی سی کے اعلامیے کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کی آئینی حیثیت کی تبدیلی بھارت کا یکطرفہ اقدام ہے، مقبوضہ کشمیر کی صوتحال پر تشویش ہے۔

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تسلیم کرتے ہیں اور اوآئی سی اجلاس کی قراردادوں کے تحت مقبوضہ کشمیر کے لوگوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر سے کرفیو اور مواصلاتی پابندیاں فوری ہٹائی جائیں اور کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا احترام کیا جائے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تنازع کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق اقوام متحدہ کی زیرنگرانی رائے شماری ہے، تنازع جموں و کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان مرکزی مسئلہ ہے۔

اعلامیے کے مطابق سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازع کشمیر کا پائیدار اور منصفانہ حل ضروری ہے، پاکستان اور بھارت مذاکرات کا عمل شروع کریں کیوںکہ پاک بھارت مذاکرات جنوبی ایشیاء میں ترقی، امن اور استحکام کیلئے  ضروری ہے۔

یاد رہے مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارت فوج کی جانب سے مسلسل 27 روز سے لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے باعث بچوں کا دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔ 

وادی کا پوری دنیا سے مواصلاتی رابطہ بالکل منقطع ہے، ٹیلیفون، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروسز بند ہیں جبکہ سیاسی قیادت کو جیلوں یا گھروں میں نظربند کیا گیا ہے۔ 

غاصب بھارتی فوج نے اب تک ہزاروں نوجوانوں کو گرفتار کرکے لاپتہ کردیا ہے، بھارتی اقدامات کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر غاصب فوج ریاستی مظالم ڈھا رہی ہے جس کے نتیجے میں کئی مظاہرین شہید اور سیکڑوں افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :