Time 01 ستمبر ، 2019
دنیا

طالبان سے امن معاہدے کے قریب پہنچ چکے: امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد

طالبان کے ساتھ معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں: زلمے خلیل زاد۔ فوٹو: فائل

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد نے تصدیق کی ہے کہ طالبان کے ساتھ امن عمل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

امریکا اور طالبان کے درمیان قطر میں مذاکرات کے 9 دور ہوئے جس میں افغان امن عمل کے حوالے سے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔

تین روز قبل افغان طالبان نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات کامیاب ہو چکے ہیں اور امریکا 98 فیصد مطالبات ماننے پر تیار ہے۔

اب امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ طالبان کے ساتھ معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

زلمے خلیل زاد نے ٹوئٹر پر لکھا کہ طالبان کے ساتھ امن معاہدے کا نواں دور مکمل ہو گیا ہے اور اب اس ضمن میں وہ افغان حکومت سے مشاورت کریں گے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ طالبان کے ساتھ معاہدے سے افغانستان میں تشدد میں کمی اور بین الافغان مذاکرات کی راہ ہموار ہو گی۔

زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ امن معاہدے سے ایک ایسا خود مختار افغانستان سامنے آئے گا جو امریکا اور اس کے اتحادیوں یا کسی اور ملک کے خلاف اپنی زمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دے گا۔

مزید خبریں :