Time 03 ستمبر ، 2019
پاکستان

سی ویو پر درجنوں خون آلود سرنج دیکھ کر شنیرا اکرم حیران


قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم  نے کراچی کے ساحل سمندر سی ویو کو عوام کے لیے خطرناک اور غیر محفوظ قرار دہتے ہوئے اسے بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

شنیرا اکرم نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر چند تصاویر شیئر کیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سی ویو پر بڑی تعداد میں استعمال شدہ سرنجیں اور اسپتال کا فضلہ بکھرا پڑا ہے۔

پوسٹ شیئر کرکے شنیرا اکرم نے سب کو آگاہ کیا کہ ساحل کلفٹن پر یہ فضلہ خطرناک حدیں پار کرچکا ہے لہٰذا اسے فوری طور پر بند کردیا جائے۔


شنیرا اکرم نے ٹوئٹر پوسٹ میں لکھا کہ سی ویو  ساحل پر مت جائیں اسے صاف کرنے کی کوشش کریں، یہ انتہائی خطرناک فضلہ ہے اس علاقے پر پابندی عائد کی جائے اور اسے انتظامیہ سے صاف کرایا جائے۔

شنیرا اکرم نے مزید لکھا کہ ضرورت ہے کہ فوری طور پر سب کو بتادیا جائے کہ ساحل سمند غیر محفوظ ہے۔


شنیرا اکرم نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے جیسے اسپتال میں جن چیزوں سے خوف آتا ہے وہ سب ہمارے ساحل سمندر پر دھوئی جاتی ہیں، اسے روکنا ہوگا۔


علاوہ ازیں انہوں نے کہا میں طویل عرصے سے خاموش تھی تاہم اب ضروری ہے کہ اس مسئلے کو ہر ٹی وی چینل پر اٹھایا جائے کیونکہ کراچی کلفٹن بیچ سب کے لیے غیرمحفوظ ہوچکا ہے۔

شنیرا اکرم کی ایک ٹوئٹ پر شفقت حسین نامی صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ 'یہ خطرناک آپ کے لیے ہوگا لیکن ہم پاکستانی قوم ہیں ہم پیدا ہی غیر قدرتی موت مرنے کے لیے ہوئے ہیں۔

ایسے میں شنیرا اکرم نے صارف کو کرارا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ آپ کس ذہنیت کے مالک ہیں؟ کبھی نہ بھولیں آپ کی زندگی اتنی ہی اہم ہے جتنی اس دنیا پر کسی اور کی ہے۔






شنیرا اکرام کی نشاندہی پر صفائی کردی گئی

کراچی کے ساحل پر گندگی اور سرنجوں کی موجودگی کا انکشاف سوشل میڈیا کے ذریعے سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے کیا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ 15 منٹ کی واک کے دوران چار درجن سے زائد سرنجیں ملی ہیں جبکہ سرنجوں کی موجودگی حفظان صحت کے مطابق نہیں۔

ساحل سمندر پر واک کیلئے آنے والے افراد بھی تشویش میں مبتلا دکھائی دیے اور   شنیرا کی نشاندہی پر متعلقہ عملہ ساحل پر پہنچا اورصفائی کا کام شروع کیا ، مشینوں اور عملے کی مدد سے کچھ دیر بعد ساحل کو صاف کردیا گیا۔

مزید خبریں :