06 ستمبر ، 2019
ملک بھر میں حسب روایات یوم دفاعِ پاکستان آج ملی جوش و جذبے اور شہدائے وطن کے ساتھ محبت و عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔
قوم نے اس بار یوم دفاع و شہداء کے سنگ یوم یکجہتی کشمیر بھی " کشمیر بنے گا پاکستان" کے نعرہ مستانہ کے ساتھ منایا۔
شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں یوم دفاع کی مرکزی تقریب ہوئی۔
یوم دفاع وشہدا کی مرکزی تقریب میں بگل بجا کر شہداء کو سلام پیش کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔
یوم دفاع و شہداء کی مرکزی تقریب میں شہداء کے لواحقین خصوصی طور پر مدعو تھے اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
جی ایچ کیو میں یوم دفاع پاکستان کی مکمل تقریب یہاں دیکھیے
یوم دفاع و شہدا کی تقریب میں غیر ملکی سفراء، حکومتی ارکان اور اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک تھے۔
تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ پڑھا گیا جس میں تمام شرکاء نے کھڑے ہو کر شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر شہداء کے حوالے سے ایک ڈاکیومینٹری بھی پیش کی گئی جس میں شہدا کے اہلخانہ مختصر انٹرویو شامل کیے گئے۔
یومِ دفاع پاکستان پر وفاقی دارالحکومت میں دن کا آغاز 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا جب کہ نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی اور کشمیریوں کی آزادی کی دعائیں کی گئیں۔
یوم دفاع پر وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد جائیں گے جہاں وہ کشمیری شہدا کے حوالے سے تقریب سے خطاب کریں گے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا جی ایچ کیو میں ہونے والی یوم دفاع کی مرکزی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے، شہید ہماری پہچان ہیں، اپنے شہیدوں کے خاندانوں کا حوصلہ دیکھ کر میرا اعتماد بڑھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان سے بقاء پاکستان کا سفر شہداء کی عظیم قربانیوں سے سجا ہوا ہے، پورے یقین سے کہہ رہا ہوں کہ ہمارے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ جب بھی ضرورت پڑی وطن کے بیٹوں نے لبیک کہا، دہشتگردی کے خلاف کامیاب جنگ دنیا کے لیے ایک مثال ہے، جب تک وطن کے جاں نثار موجود ہیں کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آج کا پاکستان امن و سلامتی کا پیغام دیتا ہے، آج پاکستان میں امن کی بہتر فضا ہے، پاکستان نے اپنی ذمے داریاں بھرپور طریقے سے پوری کی ہیں، اب اقوام عالم کی ذمہ داری ہے کہ انتہا پسندی کو عملی طور پر رد کرے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ افغانستان میں پائیدار امن کی کوشش کی ہے اور افغانستان میں امن پاکستان میں امن کی ضمانت ہے۔
کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس میں پی اے ایف اصغرخان اکیڈمی کےکیڈیٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، 55 کیڈیٹس پر مشتمل دستےمیں 5 خواتین کیڈیٹس بھی شامل ہیں۔
گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی ائیرآفیسر کمانڈنگ اصغرخان اکیڈمی ائیروائس مارشل حامد رشید تھے۔
وفاقی حکومت کے اعلان کے مطابق ملک بھر میں دفاتر دن تین بجے کے بعد بند کردیے گئے، ملازمین نے یوم دفاع پاکستان منانے کے ساتھ ساتھ یوم یکجہتی کشمیر بھی منایا اور شہدا کے اہل خانہ کے گھر گئے اور شہدا کی یادگار پر حاضری دی۔
مظلوم کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے اسلام آباد اور راولپنڈی میں ریلیاں نکالی گئیں اور سمینار منعقد ہوئے۔