'عبدالقادر کے انتقال کا یقین نہیں آرہا، اللہ کرے خبر جھوٹی ہو'

ماضی کے عظیم لیگ اسپنر اور کرکٹ کے حلقوں میں 'باؤ' کے نام سے شہرت رکھنے والے عبدالقادر جمعے کی شب حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے— فوٹو: فائل

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ لیگ اسپنر عبدالقادر کی اچانک موت نے کرکٹ حلقے کو سوگوار کردیا۔

ماضی کے عظیم لیگ اسپنر اور کرکٹ کے حلقوں میں 'باؤ' کے نام سے شہرت رکھنے والے عبدالقادر جمعے کی شب حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے۔

سابق کرکٹر مدثر نذر تو انتقال کی خبر سن کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔ انہوں نے کہا کہ عبد القادر ساتھی کرکٹر ہی نہیں میرا بھائی تھا، مدثر نذر نے کہا کہ قادر بھائی نے لیگ اسپن کا آرٹ متعارف کرایا۔

ان کا کہنا تھا کہ عبدالقادر کے انتقال کا یقین نہیں آرہا، اللہ کرے یہ خبر جھوٹی ہو۔

وزیراعظم عمران کے آفیشل فیس بک اکاؤنٹ سے ان کی اور عبدالقادر کی ایک تصویر پوسٹ کی گئی جس میں دونوں کرکٹ میدان میں کھڑے ہیں۔


صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مایہ ناز لیگ سپنر عبدالقادر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عبدالقادر نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی تاریخ میں عبدالقادر کا نام ہمیشہ زندہ رہے گا۔


آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی عبدالقادر کے انتقال پراظہار افسوس کیا اور کہا کہ پاکستان آج ایک عظیم اسپورٹس مین اور انسان سے محروم ہوگیا ہے، اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور اہل خانہ کو صبر عطا کرے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چئیرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے عبد القادر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔

احسان مانی کا کہنا تھا کہ عبدالقادر کی اچانک وفات کا سن کر دکھ ہوا، وہ ایک لیجنڈری کرکٹر اور بہترین انسان تھے، ان کی کرکٹ میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔








پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے عبدالقادر کے انتقال کو کرکٹ کیلئے بڑا نقصان قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یقین نہیں آ رہا عبدالقادر اب ہم میں نہیں رہے، وہ ایک زبردست لیگ اسپنر اور شاندار انسان تھے، عبدالقادر کے چہرے پر مسکراہٹ کبھی نہیں بھول سکتا، عبدالقادر کی فیملی اور ہمارے لیے آج دکھ کا دن ہے،اللہ تعالیٰ عبدالقادر کی مغفرت فرمائے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور سابق کپتان معین خان نے ان کے انتقال کو کرکٹ کیلئے بڑا نقصان قرار دیا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بھی عبدالقادر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا گیا۔

سابق آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا کہ دو لیجنڈز، عابد علی اور عبدالقادر کے انتقال کا سن کر کافی افسوس ہوا، دعا ہے اللہ دونوں کے خاندانوں کو صبر عطا کرے، دونوں شخصیات نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام اونچا کیا۔

آل راؤںڈر شعیب ملک نے کہا کہ میری ہمدردیاں قادر صاحب کی فیملی کے ساتھ ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں جنت میں جگہ عطا فرمائے۔

فاسٹ بولر حسن علی نے کہا کہ عبدالقادر کے انتقال کا سن کر افسوس ہوا، اللہ عبدالقادر کے خاندان کو صبر عطا فرمائے۔ سابق فاسٹ بولر اظہر محمود نے کہا کہ قادر بھائی کے انتقال کی خبر افسوسناک ہے۔

سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا کہ دنیا عبدالقادر کو جادوگر کہا کرتی تھی، عبدالقادر واقعی ایک جادوگر تھے، عبدالقادر کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی، انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ لیگ اسپن بولنگ کا سارا کریڈٹ عبدالقادر کو جاتا ہے، انہوں نے نئی جنریشن کو لیگ اسپن بولنگ کیلئے متاثر کیا۔




















مزید خبریں :