Time 08 ستمبر ، 2019
پاکستان

جنگی چالیں اور فدائی مشن، پاک بحریہ کے کمانڈوز کی مہارت


پاک بحریہ کے اسپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز کی مہارت دشمن پر ہیبت طاری کئے ہوئے ہے، خطرناک مشنز پر مامور گوریلے جذبہ شہادت سے لبریز اور دفاع وطن کے لئے ہر چیلنج پر لبیک کہنے کو تیار ہیں۔

پاک بحریہ کا اسپیشل سروسز گروپ بیک وقت خشکی، پانی اور فضا میں لڑنے اور خصوصی مشنز انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، فضا ہو، خشکی ہو، سطح آب ہو یا سمندر میں زیر آب مشنز، اسپیشل سروسز گروپ نیوی کی جنگی چالیں اور فدائی مشنز ان کمانڈوز کا عشق ہے۔

وائس ایڈمرل ایس ٹی ایچ نقوی کہتے ہیں کہ 1965 کی جنگ کے بعد اسپیشل سروسز گروپ نیوی کو بنانے کی تیاری ہوئی، اس کا مقصد تھا کہ یہ اسپیشل فورس نیوی کے کہنے پر خصوصی مشنز انجام دے سکے۔

ایس ٹی ایچ نقوی کے مطابق چند سالوں بعد اسپیشل سروسز گروپ نے انسداد دہشت گردی پر بھی کام شروع کر دیا اور ائیر گارڈز کے فرائض بھی سنبھالے۔

ان کا کہنا ہے کہ اسپیشل سروسز گروپ میں جو لوگ آتے ہیں ان کی self respect بہت زیادہ ہوتی ہے اور ان کی کتاب میں ناکامی کا لفظ نہیں ہوتا۔

اسپیشل سروسز فورس کی تربیت کا معیار انتہائی بلند معیار پر ہوتا ہے، اسی لئے یہ دنیا کی بہترین فورسز میں شامل ہے۔

ایس ایس جی کے افسر کہتے ہیں کہ ہمارا مقصد کبھی ہمت نہ ہارنا ہے، تربیت کے دوران ہر قدم پر ٹوٹتے ہیں پھر چلتے ہیں پھر توڑا جاتا ہے، پھر حوصلہ دیا جاتا ہے۔

کمانڈوز کا کہنا ہے کہ اگر آپ کو شیر بننا ہے تو شیر کی طرح تربیت بھی کرنی ہو گی، کمانڈوز کی قوت بازو میں نہیں دماغ میں ہوتی ہے، پوری رات پانی میں رہنا، جنگلوں پہاڑوں میں قیام کرنا، بھوک پیاس برداشت کرنا، ہزاروں فٹ کی بلندی سے گرنا، ہم تھکتے ہیں لیکن ہر قدم ہمیں مضبوط کرتا ہے۔

یہ اسپیشل فورس سطح سمندر کے علاوہ سمندر کی تہوں میں بھی فرائض انجام دیتی ہے، اس ڈیوٹی میں دشمن سے لڑنے کے علاوہ دشمن کی جاسوسی کر کے اُس کی دفاعی معلومات حاصل کرنا اور نقل و حرکت پر نظر رکھنا شامل ہے۔

کمانڈوز بغیر نظر آئے دشمن کی جاسوسی کے علاوہ باقی خفیہ آپریشن کرنے کے لیے دشمن کی سمندری حدود میں داخل ہوتے ہیں، دشمن کی سمندری حدود میں پہنچنے کے لیے نیوی کے یہ کمانڈوز چھوٹی آبدوزیں استعمال کرتے ہیں۔ ان سے نکل مقررہ ہدف تک پہنچتے ہیں اس کو دئیے گئے مشن کے مطابق نشانہ بنا کر واپس لوٹتے ہیں یا خود بھی امر ہو جاتے ہیں۔

جدید تقاضوں پر بہترین سخت جان تربیت اور جذبہ ایمانی سے لبریز اسپیشل سروسز گروپ کے یہ مجاہد پاکستان کی حفاظت کے لیے خطروں سے بھرپور کئی مشنز کامیابی سے انجام دے چکے ہیں اور اب بھی پاک بھارت کشیدگی کے موجودہ حالات میں ملکی دفاع کے لئے سطح آب، فضا اور سمندر کی تہہ سے دشمن کو کاری ضرب لگانے کو تیار ہیں۔

مزید خبریں :