کھیل
Time 09 ستمبر ، 2019

راشد خان ٹیسٹ جیتنے والے کم عمر ترین کپتان، وقار یونس سے ریکارڈ چھین لیا

افغانستان نے کپتان راشد خان کی بہترین بولنگ کی بدولت بنگلادیش کو واحد ٹیسٹ میچ میں 224 رنز سے شکست دی — فوٹو: اے ایف پی 

چٹاگانگ: افغانستان کے راشد خان ٹیسٹ میچ جیتنے والے کم عمر ترین کپتان بن گئے۔ 

افغانستان نے کپتان راشد خان کی بہترین بولنگ کی بدولت بنگلادیش کو واحد ٹیسٹ میچ میں 224 رنز سے شکست دی۔

افغان ٹیم نے پہلی اننگز میں 342 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں بنگلاٹیم 205 رنز بناسکی اور افغان الیون کو 137 رنز کی برتری حاصل ہوئی۔ 

دوسری اننگ میں افغان ٹیم 260 رنز بناکر آؤٹ ہوئی اور یوں بنگلادیش کو واحد ٹیسٹ میچ میں جیت کیلئے 397 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیا۔

افغان ٹیم کے کپتان راشد خان نے میچ میں 11 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا — فوٹو: آئی سی سی 

بنگلادیش کی ٹیم دوسری اننگز میں 173 رنز بناسکی اور اسے میچ میں 224 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، افغان ٹیم کے کپتان راشد خان نے میچ میں 11 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور انہیں بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

افغان ٹیم اب تک 3 ٹیسٹ میچ کھیل چکی ہے جس میں سے اس نے 2  میچ جیتے ہیں، افغانستان ٹیسٹ اسٹیٹس ملنے کے بعد ابتدائی تین میں سے 2 ٹیسٹ جیتنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔

اس جیت کے ساتھ ہی راشد خان نے پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس کا ریکارڈ توڑ ڈالا ہے اور وہ سب سے کم عمر ترین ٹیسٹ میچ جیتنے والے کپتان بن گئے ہیں۔

راشد خان نے یہ سنگ میل 20 سال 345 دن کی عمر میں عبور کیا ہے، وقار یونس 1993 میں کراچی میں زمبابوے کے خلاف 22 سال 20 دن کی عمر میں ٹیسٹ میچ جیت کر یہ ریکارڈ بنایا تھا۔  

مزید خبریں :