پاکستان
Time 16 ستمبر ، 2019

شہباز شریف کی کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف سے ملاقات

شہباز شریف نے جیل میں قید بیٹے حمزہ شہباز سے بھی ملاقات کی — فوٹو:فائل 

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کوٹ لکھپت جیل میں پارٹی کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کرنے والوں میں احسن اقبال اور خواجہ آصف بھی شامل تھے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے سابق وزیراعظم کو گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات اور آئندہ ماہ آزادی مارچ سے متعلق گفتگو پر اعتماد میں لیا۔

 قبل ازیں شہباز شریف نے جیل میں قید بیٹے حمزہ شہباز سے بھی ملاقات کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ملاقات میں دونوں جماعتوں کی جانب سے مشترکہ طور پر آزادی مارچ کی تاریخ طے کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔

مسلم لیگ (ن) نے 30 ستمبر کو ہونے والے مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں جے یو آئی (ایف) کے وفد کو بھی شرکت کی دعوت دی جس میں لیگی رہنماؤں کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے وفاقی حکومت کے خلاف اکتوبر میں آزادی مارچ کا اعلان کررکھا ہے جس کیلئے وہ سیاسی جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں۔ 

پاکستان پیپلزپارٹی پہلے ہی مولانا فضل الرحمان کے اسلام آباد لاک ڈاؤن میں شرکت سے انکار کرچکی ہے۔

مزید خبریں :