پاکستان
Time 16 ستمبر ، 2019

پاک بھارت ورلڈکپ میچ سے قبل شیشہ بارجانے پر کھلاڑیوں کو نوٹس جاری

ورلڈکپ میں پاک بھارت سے میچ سے قبل رات کو شعیب ملک اور دیگر کرکٹر شیشہ بار میں انجوائے کرتے رہے جس کے بعد اگلے دن اہم میچ ہار گئے: درخواست میں مؤقف  — فوٹو:فائل 

سندھ ہائیکورٹ نے پاک بھارت ورلڈ کپ کرکٹ میچ سے پہلے شعیب ملک کے اہل خانہ کے ساتھ شیشہ کیفے جانے کے خلاف دائر درخواست پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کو نوٹسز جاری کردیے۔

رواں سال 17 جون کو ایک ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شعیب ملک، ان کی اہلیہ ثانیہ مرز اور دیگر قومی کرکٹرز شیشہ بار میں موجود تھے۔ 

اس ویڈیو سے متعلق کہا گیا تھا کہ مبینہ طور پر شعیب ملک اور دیگر کرکٹرز اہم میچ سے ایک رات قبل میچ کی فکر کرنے کے بجائے باہر موجیں کررہے تھے۔

اسی حوالے سے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی کی گئی تھی جس میں کہا گیا کہ میچ سے قبل رات کو شعیب ملک اور دیگر کرکٹر شیشہ بار میں انجوائے کرتے رہے جس کے بعد اگلے دن اہم میچ ہار گئے۔

درخواست کے مطابق دنیا بھر میں سوشل میڈیا پر قومی ٹیم کا مذاق اُڑایا گیا اور کرکٹرز کی عدم دلچسپی کی وجہ سے پاکستان ورلڈ کپ سیمی فائنل میں نہیں جاسکا لہٰذا فریقین سے جواب طلب کیا جائے۔

درخواست میں شعیب ملک، ثانیہ مرزا، وینا ملک، امام الحق اور وہاب ریاض و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 8 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ پاکستان ورلڈکپ میں بھارت سے اپنا میچ ہار گیا تھا تاہم شعیب ملک نے اس ویڈیو کے حوالے سے وضاحت دی تھی کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو 13 جون کی ہے، 15 جون کی نہیں۔

مزید خبریں :