پاکستان
Time 18 ستمبر ، 2019

’وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پر گرفتاری کی تلوار لٹک رہی ہے‘

کراچی : جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ پر تلوار لٹک رہی ہے، پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ہے۔

نیب کے سابق پراسیکیوٹر شاہ خاور نے کہا کہ جج ویڈیوز کی برطانوی ادارہ کی فارنزک رپورٹ ہمارے قانون کے مطابق قابل قبول نہیں ہے،سماجی کارکن اور گلوکارشہزاد رائے نے کہا کہ سندھ میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ بنا ہوا ہے اسے مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔

نیب کے سابق پراسیکیوٹر شاہ خاور نے کہا کہ سپریم کورٹ جج ارشد ملک کے حوالے سے حالیہ پٹیشنز کو خارج کیا مگر رہنما اصول بتادیئے کہ ویڈیو اور آڈیو ٹیپ کیسے قابل قبول ہوسکتی ہے۔

نواز شریف کے وکلاء نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جج ویڈیو کو اضافی شہادت بنانے کی باضابطہ درخواست نہیں دی ہے۔

اگر وکلاء ایسی درخواست دیتے ہیں تو ویڈیو بنانے والے ناصر بٹ کا عدالت میں پیش ہونا ضروری ہوگا، جج ویڈیوز کی برطانوی ادارہ کی فارنزک رپورٹ ہمارے قانون کے مطابق قابل قبول نہیں ہے، سپریم کورٹ کے دیئے گئے طریقہ کار کے مطابق تمام چیزیں پوری کرنا ہوں گی۔

ویڈیو بنانے والا جب تک خود آکر شہادت نہ دے اس وقت تک اسے قابل قبول شہادت نہیں کہا جاسکتا ہے۔ شاہ خاور کا کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے پاس اضافی شہادت جج ارشد ملک کا بیان حلفی ہے، دیکھنا ہوگا نواز شریف کے وکلاء اس بیان حلفی سے جج کے مس کنڈکٹ کو ثابت کرنے میں کس طرح کامیاب ہوتے ہیں۔

مشرق وسطیٰ امور کے ماہر کامران بخاری نے کہا کہ امریکا اور ایران جنگ نہیں چاہتے ہیں، مذاکرات کیلئے ایران کی پوزیشن ابھی کمزور ہے جسے وہ مضبوط کرنا چاہتا ہے، ایران نے بارگیننگ پاور مضبوط کرنے کیلئے یہ کارروائی کی ہے۔

امریکا کی جانب سے اس کا ردعمل ضرور دیا جائے گا ورنہ ایران کے حوصلے بلند ہوں گے، ایران نے سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملہ چاہے اپنے علاقے سے کیا ہے یا اپنے کسی حلیف سے کروایا ہے یہ بہت بڑی جارحیت ہے۔

سماجی کارکن و گلوکار شہزاد رائے نے کہا کہ گھر سے اسکول جانے میں ہراساں ہونے والے بچوں سے بہت زیادہ تعداد میں بچے گھروں، اسکولوں اور مدرسوں کے اندر جنسی ہراساں کیے جاتے ہیں، اس کیلئے دنیا بھر میں سب سے زیادہ توجہ اسکولوں کے نصاب پر مرکوز کی جاتی ہے جس میں بچوں کو ان کے باڈی رائٹس کے حوالے سے آگاہ کیا جاتا ہے۔

حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ہر صوبے اور ہر ڈسٹرکٹ میں چائلڈ پروٹیکشن بیورو بنائے جس کے اندر سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ، تربیت یافتہ پولیس، ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ہو، سندھ میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹ بنا ہوا ہے اسے مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے، خیبرپختونخوا میں بارہ ڈسٹرکٹس میں چائلڈ پروٹیکشن یونٹس تھے لیکن فنڈز نہ ملنے کی وجہ سے فعال نہیں ہیں۔

میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ پر تلوار لٹک رہی ہے، پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ہے، آصف زرداری، فریال تالپور اور ان کے فرنٹ مین سمجھے جانے والے اومنی گروپ سے وابستہ مجید فیملی کیخلاف بھی ریفرنسز دائر ہوچکے ہیں اور اب نیب نے پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت کیخلاف بھی تحقیقات آگے بڑھانا شروع کردی ہیں۔

اسی سلسلے میں منگل کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو سندھ میں اومنی گروپ کے چار پاور پلانٹس کو غیرقانونی طور پر سبسڈی دینے کے الزام میں نیب کراچی نے طلب کیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اپنی عدم پیشی سے متعلق بتایا کہ نیب کی طرف سے ہفتے کو نوٹس ملا تھا جس پر ان کے اسٹاف نے نیب سے سوالنامہ حاصل کرلیا ہے، جعلی اکاؤنٹس کیس میں جے آئی ٹی نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کیخلاف مقدمات کی سفارش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ سندھ بینک سے اومنی گروپ کو خلاف قواعد 24ارب 93کروڑ روپے کا قرضہ دیا گیا۔

اس میں سندھ بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بلال شیخ اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ملوث ہیں، جے آئی ٹی نے مراد علی شاہ اور بلال شیخ کے خلاف ایک اور مقدمہ کی سفارش کی تھی جس میں اومنی گروپ کو غیرقانونی طور پر 7ارب 19کروڑ روپے کی سبسڈی دی گئی۔

یہ سبسڈی ڈوبتی صنعت کی بحالی، ٹریکٹر اسکیمز، گنے کے کاشتکاروں اور اومنی گروپ کے چار پاور پلانٹس کو دی گئی تھی ،اب انہی پاور پلانٹس کو سبسڈی دینے کے الزام میں ان کیخلاف نیب کی تحقیقات آگے بڑھ رہی ہیں۔

مزید خبریں :