پاکستان
Time 18 ستمبر ، 2019

کلبھوشن کے بدلے کرنل (ر) حبیب کی رہائی کی خبریں بے بنیاد ہیں، دفتر خارجہ

نیپال سے لاپتہ ہونے والے پاکستانی ریٹائرڈ کرنل حبیب کی تلاش جاری ہے، ترجمان دفتر خارجہ— فوٹو: فائل

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کے بدلے پاک فوج کے ریٹائرڈ کرنل حبیب کی رہائی کی بھارتی خبروں کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کلبھوشن جادھو سے متعلق بھارتی میڈیا کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نیپال سے لاپتہ ہونے والے پاکستانی ریٹائرڈ کرنل حبیب کی تلاش جاری ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق کرنل ریٹائرڈ حبیب کی گمشدگی میں دشمن ایجنسیوں کا ہاتھ ہو سکتا ہے، کرنل ریٹائرڈ حبیب 2017 میں نوکری کے انٹرویو کے سلسلے میں نیپال گئے اور نیپال کے علاقے لومبینی سے لاپتہ ہوئے۔

ترجمان کے مطابق لومبینی بھارتی سرحد سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، کرنل ریٹائرڈ حبیب کو برطانیہ کے جعلی نمبر سے فون کیا گیا، جس ویب سائٹ سے رابطہ کیا گیا وہ بھارت سے آپریٹ ہو رہی تھی، کرنل ریٹائرڈ حبیب کی ہوٹل بکنگ اور ٹکٹ ایک بھارتی شہری نے کرائی تھی۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ یہی بھارتی شہری کرنل ریٹائرڈ حبیب کو لینے لومبینی بھی آیا تھا، کرنل ریٹائرڈ حبیب کی تلاش کیلئے بھارت سے کئی بار درخواست کی لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔

مزید خبریں :