Time 19 ستمبر ، 2019
سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ پر اسٹیٹس کو مکمل طور پر بند کرنے کا نیا فیچر متعارف

فوٹو بشکریہ: گیجٹ 360

سماجی رابطوں کی مقبول ترین ایپ واٹس ایپ نے ایسا فیچر متعارف کروایا ہے جس سے آپ کسی بھی شخص کے اسٹیٹس کو مکمل طور پر بند کر سکتے ہیں جو اسکرول کرنے کے باوجود بھی اسٹیٹس کے سیکشن میں نظر نہیں آئے گا۔

اس سے قبل واٹس ایپ کی جانب سے ایسا فیچر متعارف کروایا گیا تھا جس میں صارفین کسی بھی شخص کے اسٹیٹس کو بند کر سکتے تھے مگر وہ اسٹیٹس موبائل اسکرین کو اسکرول کرنے کے بعد اسٹیٹس سیکشن میں سب سے نیچے نظر آتا تھا۔


فوٹو بشکریہ: گیجٹ 360

مگر اب واٹس ایپ نے ایسا فیچر متعارف کروا دیا ہے جس سے صارفین ناپسندیدہ  شخص کے اسٹیٹس کو مکمل طور بند کر کے اسٹیٹس سیکشن سے غائب کر سکیں گے۔

اسٹیٹس کو مکمل طور پر بند کرنے کے اس فیچر کو ابھی واٹس ایپ کے تمام صارفین استعمال نہیں کر سکیں گے کیونکہ یہ صرف واٹس ایپ کے اپڈیٹڈ ورژن پر موجود ہے۔

صارفین واٹس ایپ کے اس نئے فیچر تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ’اے پی کے مرر‘ سے واٹس ایپ کا ایپڈیٹڈ ورژن ڈاؤن لوڈ کر کے اس فیچر کو استعمال کر سکتے ہیں۔

واٹس ایپ کا یہ نیا فیچر سب سے پہلے واٹس ایپ کے بیٹا ورژن 2.19.183  میں جون میں متعارف کروایا گیا تھا، جیسے ہی صارف اس فیچر کو واٹس ایپ میں فعال کریں گے، خود بخود تمام بند کیے جانے والے اسٹیٹس، اسٹیٹس سیکشن سے مکمل طور پر غائب ہو جائیں گے۔

صارف کو موبائل فون میں اس فیچر کو فعال کرنا ہوگا جس کے بعد صارف تین نُقتے والے مینیو کے آپشن میں جا کر اس شخص کے اسٹیٹس کو بلاک کر سکتے ہیں جسے وہ دیکھنا نہیں چاہتے، وہیں اسکرین پر ایک ایرو ( تیر) موجود ہو گا جس کو دبانے کے بعد مکمل طور پر بند کیا جانے والا اسٹیٹس واپس نظر آ جائے گا۔

مزید خبریں :