Time 21 ستمبر ، 2019
کھیل

سری لنکا کیخلاف قومی ون ڈے ٹیم کا اعلان، عمر اکمل اور احمد شہزاد جگہ بنانے میں ناکام


سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے پاکستان کی 16 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

تین ایک روزہ میچوں کے لیے قومی ٹیم کا اعلان پاکستان کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کیا۔

قومی اسکواڈ میں عمر اکمل اور احمد شہزاد جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ یہ دونوں قومی ٹیم کے ممکنہ 20 کھلاڑیوں میں شامل تھے۔

سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، عابد علی، آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، محمد حسنین، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، محمد عامر، شاداب خان اور عثمان شنواری شامل ہیں۔

مصباح الحق نے بتایا کہ محمد نواز اور محمد رضوان بھی ٹیم میں شامل جب کہ حسن علی کمر کی تکلیف کے باعث ٹیم میں شامل نہیں ہیں اور شعیب ملک ون ڈے سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔

محمد حفیظ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کیریبین لیگ کھیلنے کے لیے این او سی ملا ہوا ہے۔

ہیڈ کوچ قومی ٹیم نے بتایا کہ وقار یونس، محمد حسنین کی بولنگ نکھارنے کے لیے کام کر رہے ہیں، کوشش کریں گے کہ محمد حسنین کو کھلائیں، تمام صوبائی ٹیموں کے کوچز کے ساتھ بھی رابطے میں رہتا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں مصباح الحق نے کہا کہ پروفیشنلزم کی بنیاد پر ٹیم منتخب ہوتی ہے، اس میں دوستی کی بات نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ سرفراز کا رول مختلف اور رضوان کا رول مختلف ہے، رضوان ٹاپ آرڈر میں اچھا کھیلتا ہے جب کہ افتخار احمد کو ڈومیسٹک بہترین پرفارمنس کی بنیاد پر منتخب کیا گیا۔

مزید خبریں :