Time 21 ستمبر ، 2019
کھیل

اولمپک کوالیفائر سے قبل قومی ہاکی ٹیم جرمنی سے مقابلہ کرے گی

قومی ہاکی ٹیم کیلئے ٹوکیو اولمپکس 2020 میں جگہ حاصل کرنے کا آخری موقع ہالینڈ کے ساتھ 2 کوالیفائرمیچ ہیں— فوٹو: فائل

قومی ہاکی ٹیم کیلئے ٹوکیو اولمپکس 2020 میں جگہ حاصل کرنے کا آخری موقع ہالینڈ کے ساتھ 2 کوالیفائر میچ ہیں، ایمسٹرڈیم میں میزبان ٹیم کے ساتھ پاکستان ہاکی ٹیم یہ 2 میچ 26 اور27 اکتوبر کو کھیل رہی ہے۔

قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور منیجر اولمپیئن خواجہ جنید کہتے ہیں کہ ہم مانتے ہیں کہ دونوں اہم میچ ہیں، اور ہمارے لیے اولمپک میں جگہ بنانے کیلئے ان میچوں میں فتح لازمی ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ہالینڈ کی ٹیم عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر کی ٹیم ہے، ان کی تیاری کا معیار ہم سے کہیں بہتر ہے البتہ اس بات سے قطع نظر ہم پوری کوشش کریں گے کہ مثبت انداز میں کھیلیں اور اولمپک کیلئے کوالیفائی کرسکیں۔

ہالینڈ کے خلاف اولمپک کوالیفائر سے قبل قومی ہاکی ٹیم کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی درخواست پر جرمنی کی ٹیم 2 میچ کھیلنے پر رضا مند ہوگئی ہے۔

اس سے قبل بیلجیم نے قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ کھیلنے سے معذرت کر لی تھی۔ عالمی درجہ بندی میں تیسرے نمبر کی ٹیم جرمنی ابتداء میں قومی ہاکی ٹیم کے ساتھ دو پریکٹس میچ 23 اور 24 اکتوبر کو کھیلنے کی خواہش رکھتی تھی تاہم پاکستان ہاکی فیڈریشن کی درخواست پر اب یہ میچ 21 اور 22 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔

توقع ہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم 19 یا پھر 20 اکتوبر کو ہالینڈ روانہ ہوگی اور بذریعہ بس جرمنی روانہ ہوگی جہاں 2 میچ کھیلنے کے بعد ہالینڈ واپس آجائے گی۔

مزید خبریں :