Time 24 ستمبر ، 2019
کھیل

کیا مصباح الحق کا واقعی کرکٹ ٹیم میں ون مین شو کا کردار ہوگا؟

ہر 6 ماہ سے ایک سال بعد مصباح سے ان کی کارکردگی پر احتساب کیا جائے گا، وسیم خان — فوٹو: فائل 

پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ مصباح الحق کو ان کے وژن اور وسیع تجربے کی بنیاد پر رکھا گیا ہے لیکن انہیں احتساب کے عمل سے گزرنا پڑے گا۔

وسیم خان کا خصوصی انٹرویو میں کہنا تھا کہ مصباح الحق کو مکمل اختیارات نہیں دیے گئے ہیں، وہ ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی حیثیت سے ضرور بااختیار ہیں لیکن مجھے اور چیئرمین کو جواب دے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب کیلئے ایک حد مقرر کردی گئی ہے، اس حد سے کوئی بھی تجاوز نہیں کرے گا، ہر 6 ماہ سے ایک سال بعد مصباح سے ان کی کارکردگی پر احتساب کیا جائے گا، ان سے ان کے کام کی پیشرفت پر پوچھا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں مصباح نے عمر اکمل اور احمد شہزاد کو 20 ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل کیا تھا، دونوں کے بارے میں کہا جارہا تھا کہ ان کی فائل بند ہوگئی ہے، مصباح سلیکشن میں لچک دار رویے کا مظاہرہ کررہے ہیں۔

فواد عالم سے متعلق وسیم خان نے کہا کہ فواد عالم سنچریاں بناکر مصباح کو متاثر کرسکتا ہے، مصباح نے کسی کیلئے اپنا دماغ بند نہیں کیا، نواز اور افتخار احمد دوبارہ ٹیم میں آگئے ہیں، کھلاڑی کی عمر کی اہمیت نہیں ہے اگر وہ کارکردگی دکھاتا ہے اور پاکستان کو جتواسکتا ہے ،تو اسے موقع ضرور ملے گا۔

قومی ٹیم کے کپتان کے حوالے سے پی سی بی کے اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد پاکستان ٹیم کے کپتان ہیں اور ہم نے ان پر اعتماد کا اظہار کرکے تمام شکوک و شبہات کا خاتمہ کردیا ہے لیکن سرفراز کے ساتھ ہم مستقبل کیلئے کپتانوں کو تیار کررہے ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں بابر اعظم، شان مسعود، حارث سہیل اور اسد شفیق کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کے 11 کھلاڑیوں میں لیڈرشپ کوالٹی ہو، نوجوان کرکٹرز روحیل نذیر، حیدر علی اور نسیم شاہ مستقبل کے اسٹار بن سکتے ہیں، سسٹم کے ذریعے کھلاڑیوں کو بہتر کررہے ہیں جبکہ فاسٹ بولروں میں محمد حسنین، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف وغیرہ کو نکھارا جارہا ہے۔

وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہم مصباح الحق کے ساتھ کسی ایسے شخص کا تقرر کرنا چاہتے ہیں جو مصباح الحق اور 6 ہیڈ کوچز (سلیکٹرز) کے درمیان برج کا کردار ادا کرے۔

ذرائع کا کہنا کہ سابق لیفٹ آرم اسپنر ندیم خان کو مصباح الحق اور سلیکٹرز کے درمیان رابطے کی ذمے داری دی جارہی ہے اور اس بارے میں جلد نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔

مزید خبریں :