اداکار محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل کو خلع کی ڈگری جاری

بچے کو ماں باپ دونوں کے پیار کی ضرورت ہے اس کیلئے قانونی راستہ اختیار کروں گا، محسن عباس— فوٹو: فائل

لاہور: فیملی کورٹ نے اداکار محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل کو خلع کی ڈگری جاری کردی۔

فیملی کورٹ کے جج بابرندیم نے فاطمہ سہیل کے دعوے پر خلع کی ڈگری جاری کی۔ فاطمہ سہیل اور محسن عباس اپنے اپنے وکلاء کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

اس موقع پر فاطمہ سہیل نے مؤقف اپنایا کہ وہ مزید محسن عباس کے ساتھ گزارا نہیں کرسکتیں اور نہ ہی صلح کرسکتی ہیں۔

اداکار محسن عباس نے بھی کہا کہ وہ فاطمہ سہیل کے ساتھ نہیں رہناچاہتے، عدالت خلع کی ڈگری جاری کردے۔

محسن عباس نے کہا کہ بچے کو ماں باپ دونوں کے پیار کی ضرورت ہے اس کیلئے قانونی راستہ اختیار کروں گا۔

یاد رہے کہ رواں برس جولائی میں اداکار کی اہلیہ فاطمہ نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ زبانی اور جسمانی تشدد بہت سہہ لیا، طلاق کی دھمکیاں بھی بہت برداشت کر لیں، سچ بتا دیا، ثبوت پیش کر دیئے، اب محسن عباس سے عدالت میں ملاقات ہوگی۔

اس کے بعد محسن عباس نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ شادی کے چند روز بعد ہی ان کے جھوٹ سامنے آنے لگے تھے اور ایسے جھوٹ بھی سامنے آئے وہ مجھے کہیں کا بتا کر کہیں اور چلی جاتی تھیں۔

مزید خبریں :